جولائی تا مارچ 95کروڑ74 لاکھ ڈالرکی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری

گزشتہ سال سے15فیصدزائد، پورٹ فولیوسے34کروڑ 63 لاکھ، فارن پبلک انویسٹمنٹ سے 4کروڑ40لاکھ ڈالر کاانخلا


Business Reporter April 19, 2016
مجموعی سرمایہ کاری70فیصدکمی سے56کروڑ 72لاکھ ڈالرتک محدود،پاورسیکٹرمیں47کروڑ 16لاکھ ڈالر کی انویسٹمنٹ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے باوجود غیرملکی سرمایہ کاری کی صورتحال غیراطمینان بخش ہے، غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال اب تک 70فیصد تک کمی ہو چکی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2015 سے مارچ 2016کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 56کروڑ 72لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 1ارب 87کروڑ 26لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 1ارب 30کروڑ 55لاکھ ڈالر یا 69.7 فیصد کم ہے، ان 9 ماہ میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 33.4فیصد کمی سے 91کروڑ 82لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 61 کروڑ 11لاکھ ڈالر رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 15فیصد کے اضافے سے 95کروڑ 74لاکھ ڈالر رہی تاہم پورٹ فولیو انویسٹمنٹ سے غیرملکی سرمایہ کاری کے بڑے پیمانے پر انخلا کے سبب براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ بھی ناکافی رہا۔

اس عرصے کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے پورٹ فولیو انویسٹمنٹ میں سے 34کروڑ 63 لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکال لیا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 8کروڑ 60لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا تھا، اس عرصے میں غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ بھی 104فیصد کمی سے منفی 4کروڑ40لاکھ ڈالر رہی جو پورٹ فولیو انویسٹمنٹ میں سے غیرملکی سرکاری سرمایہ کاری کے انخلا کا نتیجہ ہے، 9 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد(انفلوز)26.6فیصد کمی سے 1ارب 61کروڑ 63 لاکھ ڈالر اور انخلا (آئوٹ فلو) 52 فیصد کمی سے 65 کروڑ 89لاکھ ڈالر رہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاور سیکٹر سرفہرست رہا جس میں 47کروڑ 16لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔

تھرمل پاور میں 11کروڑ 94 لاکھ ڈالر، ہائیڈل سیکٹر میں 7کروڑ 33لاکھ ڈالر جبکہ کوئلے سے بجلی کے منصوبوں میں 27کروڑ 89لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں پاور سیکٹر میں 13کروڑ 87لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جس میں تھرمل پاور میں 2کروڑ 96لاکھ ڈالر اور ہائیڈل پاور میں 10کروڑ 87 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری شامل تھی، تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میںغیرملکی سرمایہ کاری 21کروڑ 55لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 22کروڑ 38لاکھ ڈالر ہوگئی۔

ٹیلی کام سیکٹر میں ایف ڈی آئی 8کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر7کروڑ 34لاکھ ڈالر، فنانشل بزنس میں 19کروڑ ڈالر سے کم ہوکر 1کروڑ 96 لاکھ ڈالررہ گئی جبکہ پٹروکیمکلز کے شعبے سے 9 ماہ میں 13کروڑ 61لاکھ ڈالرکی ایف ڈی آئی نکال لی گئی، فوڈ سیکٹر سے سرمائے کا انخلا1کروڑ 62لاکھ ڈالر رہا، مشروبات کے شعبے میں سرمایہ کاری 8کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 6کروڑ ڈالر رہی، الیکٹرونکس مصنوعات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری 1 کروڑ 95 لاکھ ڈالر رہی، آٹو موبائلز سیکٹر میں غیرملکی سرمایہ کاری 5کروڑ 53لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 2کروڑ 67 لاکھ ڈالر رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں