پی سی بی کے انضمام سے 9 لاکھ ماہانہ میں معاملات طے

افغانستان سے 3 لاکھ کم مگر گھر بیٹھے ملنے والی تنخواہ کے لحاظ سے کافی رقم


Saleem Khaliq April 19, 2016
تین سالہ معاہدہ بھی ہو گیا، مشتاق احمد سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر مقرر فوٹو: فائل

KARACHI: پی سی بی کے انضمام الحق سے9 لاکھ روپے ماہانہ میں معاملات طے پا گئے،ان کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کیاگیا ہے، یہ افغانستان کی کوچنگ سے 3 لاکھ کم مگر گھر بیٹھے ملنے والی تنخواہ کے لحاظ سے کافی رقم ہے، بطور چیف سلیکٹر انھیں سال میں چند ہی ٹیمیں منتخب کرنا ہوں گی.

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق کو افغان ٹیم کی کوچنگ کے عوض ماہانہ 12 لاکھ روپے معاوضہ ملتا تھا مگر اس کیلیے انھیں مختلف ٹورز وغیرہ میں ٹیم کے ساتھ مصروف رہنا پڑتا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بطور چیف سلیکٹر انھیں اتنی رقم دینے سے انکار کر دیا تھا، اس ضمن میں مذاکرات کامیاب ہو گئے،اب کار و دیگر الائونسز وغیرہ ملا کر انھیں 9 لاکھ روپے ماہانہ دیے جائیں گے، سابق کپتان نے اس پر حامی بھی بھرلی، ان سے تین سالہ معاہدہ کیا گیا ہے، دیگر 2 سلیکٹرز توصیف احمد اور وسیم حیدر پہلے سے ہی بطور ریجنل کوچز پی سی بی کے پے رول پر ہیں۔

انھیں ماہانہ پونے 2 لاکھ روپے ادا کیے جاتے ہیں، وجاہت اﷲ واسطی زیڈ ٹی بی ایل سے ڈیپوٹیشن پر آئیں گے، انھیں ماہانہ ایک لاکھ روپے سے کم اعزازیہ دیا جائے گا۔ دوسری جانب سابق ٹیسٹ اسپنر مشتاق احمد سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بطور کوآرڈی نیٹر کام کریں گے، ان کے ذمہ ٹیم کی میٹنگزکااہتمام و دیگر معاملات ہوں گے، ماضی میں بطور ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ ہارون رشید اور انتخاب عالم بھی یہ ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں