ٹیسٹ کرکٹ میں مصباح ’بزرگی‘ کے نئے ریکارڈز قائم کرنے کو تیار

مصباح الحق آئندہ ماہ کی 28 تاریخ کو 42برس کے ہوجائین گے

جولائی میں میراں بخش کے بعد پاکستان کے پہلے طویل العمر کھلاڑی بن جائیں گے فوٹو : فائل

ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کرکٹ میں 'بزرگی' کے نئے ریکارڈز قائم کرنے کو تیار ہیں، آئندہ ماہ 42 ویں سالگرہ منانے والے بیٹسمین انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں اترے تو میراں بخش کے بعد پہلے طویل العمر پاکستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔ مصباح صرف انگلش ٹیم سے ہی نہیں بلکہ ویسٹ انڈیز، کیویز اور کینگروز سب سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اگلے ماہ کی 28 تاریخ کو 42 برس کے ہوجائیں گے، وہ 14 جولائی سے انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے خود کو تیار کررہے ہیں، اگر مصباح لارڈز میں شیڈول پہلا ٹیسٹ کھیلے تو پھر وہ انگلینڈ کے جان ایمبوری کے بعد 42 برس کی عمر میں ٹیسٹ کھیلنے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے، ایمبوری نے آخری ٹیسٹ 1995 میں کھیلا تھا۔ اسی طرح مصباح 42 برس کی عمر میں ملک کی ٹیسٹ کرکٹ میں نمائندگی کرنے والے تیسرے پاکستانی ہوں گے، آخری بار میراں بخش نے 47 سال کی عمر میں 1955 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ مصباح اب تک 61 ٹیسٹ کھیل چکے مگر اس وقت فٹنس اور فارم کے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں۔

پنڈلی کی تکلیف بھی ان کے آڑے آرہی ہے۔ اس کے باوجود یہ بھی ایک حقیقت کہ 40 برس کی عمر کو پہنچنے کے بعد سے ان کی ٹیسٹ ایوریج 50 کو چھورہی ہے، 2010 میں قیادت سنبھالنے کے بعد پاکستان ٹیم کو 42 ٹیسٹ میچز میں سے صرف 11 میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ دریں اثنا مصباح الحق نے کہا ہے کہ اگر میں انگلینڈ کے خلاف کھیلنے کے قابل ہوا تو ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بھی کھیلنا چاہوں گا، انھوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا تعلق فارم اور فٹنس سے نہیں نہ ہی ہونا چاہیے، کھیل کو الوداع اس وقت کہنا چاہیے جب آپ عروج پر ہوں، اسی سے آپ کو احترام بھی ملتا ہے، مجھے امید ہے کہ جب میں رخصت ہوں گا تو ٹیم محفوظ ہاتھوں میں موجود اور اپنے قدم مضبوطی سے جما چکی ہوگی۔
Load Next Story