ٹیکس نیٹ توسیع اقدامات ڈیڑھ لاکھ ٹیکس نادہنگان کا ڈیٹا حاصل بازاروں کی میپنگ مکمل

تھرڈ پارٹی ڈیٹا مہنگے اسکولوں، کارساز کمپنیوں، یوٹیلٹی فرمز اور دیگر اداروں سے حاصل کیا گیا۔

بیشترکے پاس ٹیکس نمبرنہیں، بعض اصل آمدنی چھپا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلیے جاری اقدامات کے تحت مہنگے اور ایلیٹ کلاس نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں بچوں کو تعلیم دلوانے والوں، موٹر وہیکل مینوفیکچررز سے نئی گاڑیاں خریدنے والوں، یوٹیلٹی سروسز فراہم کرنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت دیگر اداروں سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد ٹیکس نادہندگان کے بارے میں تھرڈ پارٹی انفارمیشن کے تحت ڈیٹا حاصل کر لیا ہے جبکہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں قائم مارکیٹوں کی میپنگ مکمل کر لی گئی ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق صرف ایک بڑے نجی تعلیمی ادارے کی ایک ریجن میں قائم برانچز میں بچوں کو مہنگی تعلیم دلوانے والے 6 ہزار 10 لوگوں کا ڈیٹا حاصل ہوا ہے، اسی طرح ملک کی 3 بڑی آٹو مینوفیکچرنگ کمپنیوں سے بھی صرف ایک ریجن سے نئی گاڑیاں بک کرانے والے 35 ہزار 673 افراد کے بارے میں تھرڈ پارٹی انفارمیشن حاصل کی گئی ہے، اس کے علاوہ دیگر اداروں اور ذرائع سے بھی تھرڈ پارٹی انفارمیشن اکھٹی کی گئی ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے بچوں کو مہنگے اور ایلیٹ کلاس اسکولوں میں تعلیم دلوارہے ہیں اور کئی کئی گاڑیاں خرید رہے ہیں مگر ان میں سے بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کے پاس این ٹی این تک نہیں ہے جبکہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو اپنی اصل آمدنی چھپارہے ہیں، اس کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اسلام آباد، کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور، ملتان، کوئٹہ، سکھر اور حیدرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں قائم چھوٹی اور بڑی مارکیٹوں کی بھی میپنگ کی ہے جس میں قائم دکانوں اور کاروباری یونٹس کو 2 کٹیگریز میں رکھا گیا ہے۔


دستاویز کے مطابق صرف لاہور میں مارکیٹوں کی میپنگ کے دوران ایف بی آر کی ٹیم نے ایچ بلاک ڈی ایچ اے لاہور میں قائم مارکیٹ میں 235 دکانوں کا دورہ کیا جن میں سے صرف 25این ٹی این رجسٹرڈ ہیں جبکہ 210 ان رجسٹرڈ ہیں، زون فور میں قائم فروٹ مارکیٹ لاہور میں 52 دکانوں میں سے 21 این ٹی این رکھتی ہیں جبکہ 31 ان رجسٹرڈ ہیں جبکہ ٹمبر مارکیٹ لاہور میں 103 دکانداروں میں سے 76این ٹی این رکھتے ہیں اور 27ان رجسٹرڈ ہیں۔

دستاویز کے مطابق انارکلی لاہور کے دورے کے دوران 200 دکانوں میں سے 103 کے پاس این ٹی این تھا جبکہ 97 ان رجسٹرڈ ہیں، اس کے علاوہ بیڈن روڈ لاہور میں واقع 101 دکانوں میں سے 54 کے پاس این ٹی این ہے اور 47 ان رجسٹرڈ ہیں جبکہ وائی بلاک ڈی ایچ اے لاہور میں واقع مارکیٹ کی324 دکانوں میں سے 80 کے پاس این ٹی این ہے اور244 ان رجسٹرڈ ہیں، میڈیسن مارکیٹ لاہور کی 60 میں سے 55 کے پاس این ٹی این ہے تاہم 5 ان رجسٹرڈ ہیں، بادامی باغ لاہور میں واقع 628 دکانوں میں سے 440 کے پاس این ٹی این ہے اور 180 ان رجسٹرڈ ہیں اور مین بازار شیخوپورہ میں قائم 300 دکانوں میں سے 33کے پاس این ٹی این ہے، 267ان رجسٹرڈ ہیں جبکہ مین بازار ننکانہ صاحب میں قائم 52 دکانوں میں سے 31کے پاس این ٹی این ہے اور21 ان رجسٹرڈ ہیں، اسی طرح کراچی، اسلام آباد سمیت دیگر مارکیٹوں کی میپنگ کی گئی ہے۔
Load Next Story