ہادی کا پہلا روزہ

ہادی کا پہلا روزہ


ایکسپریس July 21, 2012
ہادی کا پہلا روزہ

سات سالہ عبدالہادی کا آج پہلا روزہ تھا جو اس نے گھر والوں سے ضد کرکے رکھا تھا۔ رات عشاء کی نماز کے بعد وہ امی اور ابو سے وعدہ لے کر سویا تھا کہ کل اتوار ہے لہٰذا، اسے سحری کے وقت ضرور جگایا جائے تاکہ وہ بھی روزہ رکھ سکے۔
عبدالہادی ایک دینی گھرانے میں پیدا ہونے والا بچہ ہے جہاں اس نے آنکھ کھولتے ہی سب کو نماز اور روزوں کا پابند دیکھا۔ روزہ رکھنے کی ضد تو وہ پہلے روزے ہی سے کررہا تھا لیکن گرمی کی وجہ سے امی نے کہا تھا کہ وہ چھٹی والے دن اسے روزہ رکھوائیں گی۔ عبدالہادی سحری کے بعد ابو کے ساتھ فجر کی نماز پڑھنے گیا پھر واپس آکر امی کے پاس قرآن کا سبق پڑھا اور سوگیا۔ امی نے بھی اسے کافی دیر تک سونے دیا۔

عبدالہادی نے ظہر کی نماز تک تو روزہ محسوس نہ کیا لیکن عصر کی نماز کے بعد اسے روزہ لگنا شروع ہوگیا تھا جو اس کے چہرے سے ظاہر ہورہا تھا لیکن وہ بڑے صبر کے ساتھ امی کو افطار کی تیاری کرتے ہوئے دیکھ رہا تھا۔ جوں جوں افطار کا وقت قریب آرہا تھا، وہ امی کی بتائی ہوئی تسبیح کررہا تھا۔ جب امی نے تمام چیزیں دسترخوان پر رکھ دیں تو وہ بھی گھر والوں کے ساتھ دسترخوان پر بیٹھ گیا۔ جیسے ہی اذان ہوئی سب نے دعا پڑھی اور ابو نے اُسے بھی دعا پڑھوائی۔ دعا پڑھتے ہی اس نے روزہ کھولنے کے لیے جلدی سے شربت کی طرف ہاتھ بڑھایا کیوںکہ پیاس کی وجہ سے اس کا برا حال تھا لیکن ابوجی نے اس کے ہاتھ سے گلاس لے کر کھجور پکڑا دی اور بولے؛

بیٹا! پہلے کھجور سے روزہ افطار کریں پھر شربت پیئں۔ خود اُنہوں نے بھی کھجور سے روزہ افطار کیا پھر اسے بتانے لگے کہ بیٹا! ہمیں کھجور سے روزہ افطار کرنا چاہیے کیوںکہ نبی کریم کی پسندیدہ غذائوں میں سے ایک غذا کھجور بھی تھی۔ اور آپؐ کھجور سے روزہ افطار کرنے کو ترجیح دیتے تھے۔ قدرت نے کھجور میں ایسے بے شمار اجزا رکھے ہیں جن سے انسان کی صحت بحال رہتی ہے۔

کھجور سے روزہ افطار کرنے میں درحقیقت یہی حکمت پوشیدہ ہے کہ پورے دن بھوکا پیاسا رہنے والا شخص جب کھجور سے روزہ افطار کرتا ہے تو اس کو تمام ضروری غذائی اجزا میسّر آجاتے ہیں۔ اس لیے ہمیں خاص طور پر رمضان میں روزہ افطار کرتے ہوئے پکوڑوں، سموسوں سے پرہیز کرنا چاہیے اور کھجور کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے۔

ابو کی بات سنتے ہوئے عبدالہادی نے جلدی سے ایک اور کھجور اٹھاکر منہ میں ڈال لی۔ یہ دیکھ کر ابو مُسکرادیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں