وزیراعظم طبی معائنے کے بعد لندن سے وطن واپس پہنچ گئے

نور ایئر خان ایئربیس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

نورخان ایئربیس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار،آصف کرمانی اور طارق فاطمی نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ فوٹو: ایکسپیرس نیوز

وزیراعظم نوازشریف طبی معائنے کے بعد لندن سے وطن واپس پہنچ گئے جہاں نور ایئر خان ایئربیس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا.

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف لندن سے طبی معائنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے جہاں ان کا طیارہ نورخان ایئربیس پر اترا جب کہ وزیراعظم کے استقبال کے لیے وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی اور معاون خصوصی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے وطن واپس پہنچنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں اسحاق ڈار نے وزیراعظم کو پاناما لیکس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں سے رابطوں پر آگاہ کیا۔


لندن سے پاکستان روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بھاری اکثریت ملک میں دھرنوں کی سیاست نہیں چاہتی اور چاہتی ہے کہ پاکستان ترقی کرے اور آگے بڑھے لیکن بدقسمتی سے 90 کی دہائی والی سیاست شروع ہوگئی لیکن میں نہ مانوں والی سیاست 90 کی دہائی میں ہی دفن ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چند ایسے سیاستدان ہیں جو اب تک بالغ نہیں ہوئے اور وہ 90 کی دہائی والی سیاست ہی کر رہے ہیں، اللہ کرے انہیں بھی پاکستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہوجتنی مجھے اور دیگر پاکستانیوں کو ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف 13 اپریل کو علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوئے تھے جس کے بعد وزیرخزانہ اسحاق ڈار حکومتی معاملات دیکھ رہے تھے۔ اپوزیشن نے وزیراعظم کی لندن روانگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم پاناما لیکس سے اپنا نام نکلوانے لندن گئے ہیں اور وہ وطن واپس نہیں آئیں گے۔

Load Next Story