ایس ایس پی سائوتھ نے رمضان میں پورے شہر کو حساس قرار دیدیا

دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی ہاتھ بھی ملوث ہوسکتا ہے،آصف اعجاز شیخ


ایکسپریس July 21, 2012
دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی ہاتھ بھی ملوث ہوسکتا ہے،آصف اعجاز شیخ۔ فائل فوٹو

ایس ایس پی سائوتھ آصف اعجاز شیخ نے رمضان المبارک میں دہشت گردی کے حوالے سے پورے شہر کو حساس قرار دے دیا ، انھوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی ہاتھ بھی ملوث ہوسکتا ہے ، پولیس نے کچھ اہم گرفتاریاں کی ہیں جن کے ردعمل کے طور پر دہشت گرد اپنی کارروائیاں کررہے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ اولڈ سٹی ایریا میں تاجروں کے تحفظ کے لیے 700 سے زائد اہلکار تعینات کیے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران ایس ایس پی سائوتھ آصف اعجاز شیخ نے رمضان المبارک میں دہشت گردی کے حوالے سے پورے کراچی کو ہی حساس قرار دے دیا، انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کسی ایک مخصوص علاقے میں نہیں بلکہ پورے شہر میں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے پورا شہر ہی حساس ہے ، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی ہاتھ بھی ملوث ہوسکتا ہے ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ کراچی پولیس نے چند روز قبل کچھ اہم ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کی تفتیش کی روشنی میں مزید کارروائیاں کی گئیں جن کے ردعمل میں دہشت گرد اپنی کارروائیاں کررہے ہیں ،

آصف اعجاز شیخ نے مزید بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا میں تاجروں کے تحفظ کے لیے 400 پولیس اہلکار ، سندھ ریزرو پولیس کے 60 اہلکار بمعہ 30 موٹر سائیکل جبکہ 341 فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوان تعینات کیے گئے ہیں ، انھوں نے کہا کہ تاجروں کو بھتے کے حوالے سے دی جانے والی دھمکیوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ، جو تاجر پولیس کو مطلع ہی نہیں کرے گا اس پر پولیس کوئی کارروائی نہیں کرسکتی ، ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 6 افراد ہلاک ہوئے جن میںسے صرف 2 ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ہلاک ہوئے جبکہ ایک کو گھریلو تنازع پر قتل کیا گیا ، 3 کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں