عمران فاروق قتل کیس انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کا سماعت سے انکار

اے ٹی سی کے جج کوثر عباس زیدی کا عمران فاروق قتل کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوانے کا فیصلہ۔


ویب ڈیسک April 21, 2016
3 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ساتویں مرتبہ کیس کے چالان پر اعتراض اٹھایا تھا۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس سننے سے انکار کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی کی عدالت میں جاری تھی کہ دوران سماعت جج اور وکیل صفائی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہو گیا۔

وکیل صفائی منصور آفریدی کی جانب سے جج کو کہا گیا کہ ہمیں چالان کی کاپیاں فراہم کی جائیں جس پر جج کوثر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ چالان کی کاپیاں ایف آئی اے کو واپس کر دی گئی تھیں۔ وکیل صفائی نے کہا کہ آپ نے کس قانون کے تحت چالان پر اعتراض دور کرنے کے لئے کہا جس پر جج کوثر عباس زیدی نے کہا کہ میں آپ کو جوابدہ نہیں ہوں، میں عمران فاروق قتل کیس کی سماعت نہیں کر سکتا اور کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا رہا ہوں وہ جس کو چاہیں یہ کیس نامزد کردیں۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جج نے ساتویں مرتبہ کیس کے چالان پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ عدالت نے ملزمان کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں