وزیراعظم ایک ارب 96 کروڑ روپے کے مالک بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں گوشوارے

وزیر اعظم کی اپر مال مری میں جائیداد کی مالیت 25 کروڑ جب کہ زرعی زمین کی مالیت ایک ارب 7 کروڑ روپے ہے۔


ویب ڈیسک April 21, 2016
وزیر اعظم کو حسین نواز نے 21 کروڑ 56 لاکھ بیرون ملک سے بھجوائے فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے گوشواروں کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف ایک ارب 96 کروڑ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں اور ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ارکان اسمبلی کے 15-2014 کے مالی سال کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں، جس کے مطابق وزیراعظم ایک ارب 96 کروڑ روپے کے مالک ہیں تاہم ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں، مری کی اپر مال پر جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ہے، انہیں تحفے اور وراثت میں ایک ارب 7 کروڑ روپے کی زرعی اراضی ملی ہے اس کے علاوہ وزیر اعظم کو حسین نواز نے 21 کروڑ 56 لاکھ بیرون ملک سے بھجوائے ہیں، وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کی ہال روڈ پر جائیداد کی مالیت 10 کروڑ روپے ہے۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں کے مطابق عمران خان کی پاکستان میں موجود جائیداد کی مالیت 4 کروڑ54 لاکھ روپے ہے جب کہ ان کے بنی گالا کے گھرکی مالیت 75 کروڑ روپے ہے جو انہیں تحفے میں ملا ، گوشوارے کے مطابق عمران خان کا پاکستان یا پاکستان کے باہر کوئی کاروبار نہیں، اس کے علاوہ ان کی بیرون ملک بھی کوئی جائیداد نہیں۔

الیکشن کمیشن میں جمع گوشواروں کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ملکیت نقد، بانڈزکی مد میں ایک کروڑ 17 لاکھ 5 ہزار154 روپے ہیں، سکھر میں خورشید شاہ کے آبائی گھر کی موجودہ قیمت 11 لاکھ اور سکھر کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک پلاٹ کی قیمت 80 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ خورشید شاہ کے اسلام آباد میں ایک،ایک کنال کے 2 پلاٹ ہیں جن کی مجموعی قیمت ایک کروڑ60 لاکھ ہے۔ گوشوارے کے مطابق خورشیدشاہ کی ملکیت میں 40 لاکھ روپے کے مویشی اور ایک لاکھ 50 ہزار کے زیورات ہیں جب کہ پاکستان کاٹن جینر کا 60 لاکھ کا کاروبار ہے۔

گوشواروں کے مطابق جمعیت علماء اسلام كے (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن كے اثاثہ جات كی مالیت 68 لاكھ روپے ہے اور ان كے پاس كوئی ذاتی گاڑی نہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ایك ارب 40 كروڑ روپے سے زائد اثاثوں كے مالك ہیں جن میں سے 90 كروڑ روپے مالیت كی ایئر بلیو فضائی كمپنی بھی شامل ہے۔ گوشواروں کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار كے پاس ایك كروڑ47 لاكھ 78 ہزار205 روپے نقد ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے کی مالیت ایك كروڑ27 لاكھ 48 ہزار637 روپے كیش، ایك كروڑ 3 لاكھ روپے كے ترسیلات زر، 45 لاكھ روپے مالیت كے 90 تولہ كے سونے كے زیورات اور 16 لاكھ 50 ہزار روپے كا فرنیچر شامل ہے۔

الیكشن كمیشن كی جانب سے جاری كردہ اثاثہ جات كے مطابق پاكستان پیپلزپارٹی كے شریک چیئرمین آصف زرداری كی ہمشیرہ فریال تالپور كے پاس كل 27 كروڑ 3لاكھ 50 ہزار مالیت كے اثاثے ہیں جب كہ ایك كروڑ 25لاكھ روپے كی علیحدہ اراضی ہے۔ گوشواروں كے مطابق ایم كیو ایم كے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر فاروق ستار كے كل اثاثوں كی مالیت 26 لاكھ روپے ظاہر كی گئی ہے جن میں سے ان كے پاس 5 لاكھ روپے كی گاڑی ہے جب کہ فاروق ستار كے پاس كراچی میں پی آئی بی كالونی میں 6 لاكھ 30 ہزار كا گھر ظاہر كیا گیا ہے۔ عوامی مسلم لیگ كے سربراہ شیخ رشید كے اثاثوں كی مالیت 2 كروڑ 44 لاكھ روپے ظاہر كی گئی ہے جب كہ شیخ رشید كی زرعی زمین بارے مكمل تفصیلات ظاہر نہیں كی گئی ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی كے اثاثوں كی مالیت 28 كروڑ88 لاكھ روپے ظاہر كی گئی ہے جن میں ان كا زرعی رقبہ بھی شامل ہے جب كہ ان كے اندرون ملك كاروبار كی رقم بھی مذكورہ گوشوارے میں شامل ہے۔ شاہ محمود قریشی كے اثاثوں كی تفصیلات 34 كروڑ روپے ظاہر كی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں