ہمارا دامن صاف ہے اور ماضی میں بھی کڑے انتقامی احتساب سے سرخرو ہوکر گزرے وزیراعظم

ملک میں عدم استحکام پیدا کر کے خوشحالی کا عمل روکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،وزیراعظم نوازشریف


ویب ڈیسک April 21, 2016
ہم نے اقتدار کے بجائے ہمیشہ اقدار کو ترجیح دی،وزیراعظم نوازشریف فوٹو:فائل

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا دامن صاف ہے اور ماضی میں بھی کڑے انتقامی احتساب سے سرخرو ہوکر گزرے جب کہ ملک میں عدم استحکام پیدا کر کے خوشحالی کا عمل روکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔



وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت وفاقی وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم اجلاس کے دوران پاناما لیکس کا معاملہ ہی سرفہرست رہا اوروزیراعظم نواز شریف نے شرکا سے اس پر آرا لیں جب کہ ارکان نے پاناما لیکس کی تحقیقات سابق جج سے نہ کرانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ سابق جج کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی اور سابق جج کی سربراہی میں کمیش پر اپوزیشن اوراتحادی جماعتیں بھی راضی نہیں ہوں گی۔ اجلاس کے شرکا کی اکثریت نے وزیراعظم کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن قائم کرنے کی تجویز دی تاہم انہوں نے فیصلے کا اختیار وزیراعظم پر چھوڑ دیا۔



اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اقتدار کے بجائے ہمیشہ اقدار کو ترجیح دی، مخالفین کو یہ بات کٹھکتی ہے کہ ہم نے آئینی مدت پوری کی تو وہ پیچھے رہ جائیں گے تاہم ملک میں عدم استحکام پیدا کرکے خوشحالی کا عمل روکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔



وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے ہمارا دامن صاف ہے، ماضی میں بھی کڑے انتقامی احتساب سے سرخرو ہوکر گزرے، عدم استحکام پھیلانے والے کل بھی ناکام ہوئے اور آج بھی ناکام ہوں گے، پاکستان کی اقتصادی خوشحالی اور تعمیر و ترقی میں کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 3 سال پہلے کے پاکستان سے کہیں آگے ہے، حکومت سنبھالی تو ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، کوئی سرمایہ کار پاکستان آنے کو تیار نہیں تھا لیکن ہم نے لوگوں کا اعتماد بحال کیا،مستقبل سے متعلق امید و یقین کا گراف اوپرگیا، گیس کے بحران پر قابو پالیا اور صنعتوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔



وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کئی منصوبے اولین لاگت کے تخمینوں سے تقریباً آدھی قیمت میں مکمل کیے، دنیا توانائی کے منصوبوں اور پاک چین راہداری منصوبوں کی شفافیت کو مانتی ہے، ساری دنیا پاکستان میں تعمیر وترقی اور معیشت کی بحالی کی قائل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دلدل سے نکالنا چاہتے ہیں، تمام قومی معاملات پر دیگر سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ہی فیصلے کئے اور اب بھی ملک کی خوشحالی کا سفر جاں فشانی سے جاری رکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں