ٹیکس چوری کے الزام پر معروف تاجر کے دفتروگودام پر چھاپہ

چھان بین کے دوران سامنے آیا کہ میٹرو شوز کی صرف 1سال کی سیل 1ارب روپے سے زائد ہے، ذرائع


Irshad Ansari April 24, 2016
چھان بین کے دوران سامنے آیا کہ میٹرو شوز کی صرف 1سال کی سیل 1ارب روپے سے زائد ہے، ذرائع ۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث مشہور شوٹریڈر کے مرکزی دفتر اورگودام پر چھاپہ مارکر ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کو رپورٹ ملی تھی کہ صدر راولپنڈی میں واقع میٹرو شوزکے مالک ندیم یونس ٹیکس چوری میں ملوث ہیں، انھوں نے مختلف علاقوں میں 27 برانچز کھول رکھی ہیں اور ویسٹریج میں گودام بھی قائم رکھا ہے مگر انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس گوشواروں میں اپنی آمدنی اور فروخت بہت کم ظاہر کی ہے اور ٹیکس بچانے کے لیے ویسٹریج میں واقع ایک گھر کی بیسمنٹ میں ریکارڈ چھپا رکھا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے مذکورہ شخص کے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے گوشواروں کے ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا، ابتدائی تحقیقات کے دوران میٹروشوز کے خلاف ٹیکس چوری میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ملے جس پر ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے متعلقہ جج سے سرچ وارنٹ حاصل کرکے راولپنڈی کے علاقے صدر میں میٹرو شوز کے مرکزی دفتر اور ویسٹریج میں گودام پر چھاپہ مار کر تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ چھان بین کے دوران سامنے آیا کہ میٹرو شوز کی صرف 1سال کی سیل 1ارب روپے سے زائد ہے جبکہ ابھی باقی برسوں کے ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے، چھان بین کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ندیم یونس نے اپنے عزیز رشتے داروں کے نام سے 40 مختلف بینک اکاؤنٹس کھول رکھے ہیں، ٹیکس فراڈ کی رقوم ان بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جارہی ہیں۔ ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس چوری کے مذکورہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں، ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے میٹرو شوز کے مالک اور ان کے ملازمین کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے