ٹیکسٹائل برآمدات 9 ماہ میں 83 کروڑ ڈالر کم ہوگئیں

ٹیکسٹائل گروپ میں صرف تیارملبوسات کی ایکسپورٹ میں 4.20فیصداورٹاولزکی برآمد میں 0.20 فیصد کامعمولی اضافہ ریکارڈ کیاگیا

طبی آلات اور سامان جراحی کی بیرون ملک فروخت3.08 فیصد کے اضافے سے 26کروڑ 22 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی فوٹو: رائیٹرز/فائل

یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس اور خام تیل سمیت کموڈیٹی پرائسز میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستانی برآمدی شعبے کے حالات بدل نہ سکے۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 9ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات 83کروڑ11لاکھ 86 ہزار ڈالر یا 8.15 فیصد کی کمی سے 9ارب 36کروڑ 36لاکھ 11 ہزار ڈالر رہیں، ٹیکسٹائل گروپ میں صرف تیار ملبوسات کی ایکسپورٹ میں 4.20 فیصد اور ٹاولزکی برآمد میں 0.20 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیاگیا تاہم خام روئی 46.97 فیصد، سوتی دھاگے 32.45 فیصد، سوتی کپڑے10.14 فیصد، دیگر اقسام کی یارن 20.38فیصد، نٹ ویئر 2.10 فیصد، خیمے 27.89 فیصد اور بیڈویئر کی برآمد4.13 فیصد گرگئی۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی سی) کی جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق فوڈ گروپ میں بھی کم وبیش تمام اشیا کی ایکسپورٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی، اشیائے خوراک کی مجموعی برآمد 11.59 فیصد کمی سے 3ارب 4کروڑ 6لاکھ 80ہزار ڈالر رہی، چینی اور گندم پر برآمدکنندگان کو ری بیٹ دیے جانے کے باوجود کوئی فائدہ نہ نکل سکا اور پاکستان جولائی سے مارچ کی مدت میں صرف 500ٹن گندم بیرون ملک فروخت کرسکا۔


چینی کی ایکسپورٹ 2لاکھ 91ہزار582 میٹرک ٹن رہی، گندم کی برآمد سال بہ سال91.06 فیصد اور چینی کی 36.37 فیصد کم رہی جبکہ چاول کی ایکسپورٹ12.34 فیصدکمی سے 1ارب 37 کروڑ 59لاکھ 99ہزار ڈالر رہی، مچھلی، سبزیوںاور پھلوں کی برآمد بھی 5، 5فیصدگر گئی، صرف مصالحہ جات کی برآمد 17.82اورگوشت واسکی مصنوعات کی 16.76 فیصد بڑھ سکی۔

رپورٹ کے مطابق قالین کی برآمد 20.34 فیصد کمی سے 7 کروڑ 40 لاکھ 27 ہزار ڈالر رہی، اسپورٹس گڈز کی بیرونی طلب بھی کم ہوئی جس کے نتیجے میں کھیلوں کا سامان 1.63 فیصد کمی سے 23 کروڑ 64 لاکھ 15ہزار ڈالر کا برآمد کیاگیا، خام چمڑے کی برآمد 27.15 فیصدکمی سے 26 کروڑ 73لاکھ 54 ہزار ڈالر اور لیدر پروڈکٹس کی 14.66 فیصد گھٹ کر39کروڑ 32 لاکھ 51 ہزار ڈالر رہی۔

طبی آلات اور سامان جراحی کی بیرون ملک فروخت3.08 فیصد کے اضافے سے 26کروڑ 22 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی، کیمیکلز اور فارما مصنوعات کی برآمدات 13 فیصدکمی سے 58 کروڑ 82 لاکھ 93 ہزار ڈالر رہی، انجینئرنگ گڈز کی ایکسپورٹ 20.71 فیصد گھٹ کر 13کروڑ 53لاکھ 36 ہزار ڈالر، سیمنٹ کی 28.94 فیصدکمی سے 24کروڑ 80لاکھ 26 ہزار ڈالر جبکہ گڑ اور اس کی مصنوعات کی برآمد 58.53 فیصدگھٹ کر1کروڑ 89لاکھ 83 ہزار ڈالر رہ گئی۔
Load Next Story