فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت بند کروائی جائے پاکستان کا سلامتی کونسل میں مطالبہ

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکا نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو جائز قرار دیا ہے۔


ویب ڈیسک November 15, 2012
غزہ میں اسرائیلی ٹارگٹڈ راکٹ حملے وحشیانہ اور بربریت کی کھلی مثال ہیں, مسعود خان فوٹو: فائل

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الااقوامی امن اور سلامتی کے لئے خطرہ قرار دے دیا ہے ۔

فلسطین پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کے لئے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ جس میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے اسرائیلی حملوں کو بربریت قرار دیا ۔

مسعود خان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ٹارگٹڈ راکٹ حملے وحشیانہ اور بربریت کی کھلی مثال ہیں۔ اسرائیل کے ان حملوں کا جواب بھی غیر موزوں صورت میں ہی ملے گا۔

پاکستانی کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ سمیت فلسطین کے دیگر شہروں میں ہونے والے اسرائیلی حملے ناقابل قبول ہیں جسے فوری طور پر بند ہوجانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ اسرائیلی جارحیت عالمی برادری کی جانب سے خطے میں امن کے قیام کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سبوتاژ کررہی ہے۔


سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں عرب ممالک نے بھی اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی تاہم امریکا نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو جائز قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پرفضائی حملوں کے نتیجے میں حماس کے کمانڈر احمد جباری سمیت 11 فلسطینی شہید اورمتعددزخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں