حکومتی ٹرم آف ریفرنس کےتحت پاناما لیکس کی تحقیقات بے نتیجہ ہوگی شاہ محمود قریشی

حکومت کی جانب سے جلسوں کا اعلان وزیراعظم کی گبھراہٹ کو ظاہر کرتا ہے، رہنما تحریک انصاف


ویب ڈیسک April 24, 2016
عوام جلد از جلد تحقیقات چاہتے ہیں لیکن حکومت نے تحقیقات مکمل کرنے کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا۔، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے پاناما لیکس پر جوڈیشل کمیشن کے جو ٹرم آف ریفرنس بنائے ہیں اس کے تحت تحقیقات بے نتیجہ ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاناما لیکس پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے جو خط لکھا ہے اس کا مطالعہ چیف جسٹس آف پاکستان نے نہیں کیا، چیف جسٹس اس خط پر غور کرنے کے بعد کوئی بھی فیصلہ کریں گے۔ کمیشن کے لئے حکومت کی جانب سے بنائے گئے ٹرم آف ریفرنس کسی صورت بھی صحیح نہیں، انہیں ہر اپوزیشن جماعت نے مسترد کردیا ہے کیونکہ ان ٹی او آرز کے تحت کمیشن سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو باہمی مشاورت سے نئے ٹی او آرز بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جلد از جلد تحقیقات چاہتے ہیں لیکن حکومت نے تحقیقات مکمل کرنے کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جمہوری معاشروں میں اپوزیشن جلسے کرتی ہے حکومتیں نہیں، حکومتیں اپنے اقدامات کے ذریعے عوام کو مطمئن کرتی ہیں لیکن وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے جلسوں کا اعلان ان کی گبھراہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ پارٹی اختلافات سے متعلق ان کا کہا کہ سیاسی لوگوں میں اختلافات معمول کا حصہ ہیں، تحریک انصاف میں کوئی تقسیم نہیں ہے، پارٹی انتخابات کے بعد ہم سب پھر مل بیٹھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں