ایم کیو ایم کا وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا ختم کرنے کا اعلان

ایم کیو ایم کے دوستوں نے ہماری بات مان لی ہے جب کہ ایک دو روز میں ان کی ملاقات وزیراعلیٰ سے کرائی جائے گی، نثار کھوڑو

کارکنوں سے متعلق یادداشت حکومت سندھ کو پیش کی- محمد حسین - فوٹو:ایم کیوایم

متحدہ قومی موومنٹ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ 167 کارکنوں سے متعلق یادداشت حکومت سندھ کو پیش کردی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیرتعلیم نثار کھوڑو نے ایم کیو ایم کے 6 رکنی وفد سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کل سے مطالبات کے لیے دھرنا دیا ہوا تھا اور ان کے مطالبات سے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کریں گے جب کہ ایم کیو ایم کے دوستوں نے ہماری بات مان لی ہے، ایک دو دن میں وزیراعلیٰ سندھ سےملاقات کرائی جائے گی، کوشش کریں گے کہ شہر میں امن بحال رکھا جاسکے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما محمد حسین نے نثار کھوڑو کی یقین دہانی پردھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ہماری ملاقات متوقع ہے جس میں لاپتا کارکنوں، گرفتاریوں سے سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ کو آگاہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں سے متعلق یادداشت حکومت سندھ کو پیش کی ہے جب کہ پریس کلب پردھرنا ختم کررہے ہیں۔


اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کنور نوید جمیل نے پریس کانفرنس میں بے گناہ کارکنان کی گرفتاری کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا اور کنور نوید جمیل کی کارکنان کو ہدایت کے بعد دھرنے کے شرکا تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے جب کہ انتظامیہ نے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی مزید نفری اورواٹر کینن منگوائی تھی۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعلیٰ سندھ کو یادداشت پیش کرکے اسیر کارکنوں کی فہرست بھی سید قائم علی شاہ کو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کےاہل خانہ کا مطالبہ جائز ہے، وہ کہتے ہیں کہ بچے بے گناہ ہیں تو انہیں چھوڑ دیا جائے۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کارکنان کی گرفتاری کے خلاف گزشتہ روز سے پریس کلب کے باہر احتجاج کررہی ہے۔
Load Next Story