عراق میں 2 خود کش حملوں میں 8 فوجی اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک

بغداد میں ہونے والے دونوں دھماکے خودکش تھے جن میں فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، عراقی محکمہ دفاع


ویب ڈیسک April 24, 2016
بغداد میں ہونے والے دونوں دھماکے خودکش تھے جن میں فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، عراقی محکمہ دفاع فوٹو : فائل

عراق کے دارالحکومت بغداد میں 2 خود کش حملوں کے نتیجے میں 8 فوجی اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے نواحی علاقے حسینیہ اور جیبور میں 2 خود کش بم دھماکوں میں 14 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 8 فوجی بھی شامل ہیں جب کہ دھماکے میں 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

عراقی محکمہ دفاع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغداد کے علاقوں حسینیہ اور جیبور میں ہونے والے دونوں دھماکے خود کش تھے جس میں فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، پہلا دھماکا حسینیہ میں ہوا جوایک خود کش بمبار نے کار میں موجود بارودی مواد کے ذریعے کیا اور کار فوجی چوکی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکاروں سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے جب کہ دوسرا دھماکا بھی کار کے ذریعے ہی کیا گیا اور خود کش بمبار نے عرب جیبور کے فوجی قافلے پر حملہ کیا جس میں 4 فوجی ہلاک اور 22 سے زائد زخمی ہوئے۔

خودکش حملوں کے بعد قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جب کہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب دونوں خودکش حملوں کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ہی دارالحکومت بغداد کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے بعد خود کش حملہ آور نے خود کو بارودی مواد سے اڑا لیا تھا جس کی زد میں آکر 6 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں