زوہیب کی آل راؤنڈ پرفارمنس خیبر پختونخوا 74رنز سے فتحیاب

پاکستان کپ میں اسپنر نے 18رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا ،112گیندوں پر 82کی عمدہ اننگز بھی کھیلی


Sports Reporter April 25, 2016
پاکستان کپ میں اسپنر نے 18رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا ،112گیندوں پر 82کی عمدہ اننگز بھی کھیلی. فوٹو: پی سی بی

ISLAMABAD: پاکستان کپ میں زوہیب خان کی آل راؤنڈر پرفارمنس نے خیبر پختونخوا کو بلوچستان کے خلاف74 رنز سے کامیابی دلا دی، لیفٹ آرم اسپنر نے 82 رنز بنانے کے علاوہ 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے زیراہتمام پاکستان کپ کے گذشتہ روز کے مقابلے میں زوہیب خان کی آل راؤنڈر پرفارمنس اور احمد شہزاد کی برق رفتار ففٹی کی بدولت کے پی کے نے میچ 74 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ خیبر پختونخوا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ50 اوورز میں 8وکٹوں پر 246 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ زوہیب خان سب سے کامیاب بیٹسمین رہے جنھوں نے 112 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور سہیل تنویر کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

احمد شہزاد بھی بھر پور فارم میں دکھائی دیے اور انھوں نے صرف 70گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے، اظہر علی کی گیند پر بلاول بھٹی نے ان کا کیچ لیا۔ بسم اللہ خان 20، یاسر شاہ 17، مصدق احمد13 اورفہیم اشرف نے 12 رنز بنائے، بلوچستان کی طرف سے عمر گل، سہیل تنویر اور بلاول بھٹی نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جب کہ سعید اجمل اور اظہر علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں 53 رنز کی اوپننگ کے باوجود بلوچستان ٹیم کو74 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، بابر اعظم سب سے کامیاب بیٹسمین رہے، انھوں نے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی، زوہیب خان کی گیند پر یاسر شاہ نے ان کا کیچ تھاما، کپتان اظہر علی 37 گیندوں پر27 رنز بنا کر محمد اصغر کی گیند پر رمیز عزیز کو کیچ دے بیٹھے، سعید اجمل نے 23، عمر گل 16، محمد حسن اور محمد نواز 13، 13 اور غلام حیدر صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔ بلوچستان ٹیم کے 4 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

قومی مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے جب کہ سہیل تنویر8، شاہد یوسف 3، بلاول بھٹی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زوہیب خان سب سے کامیاب بولر رہے، انھوں نے 9.1 اوورز میں صرف 18 رنز دیکر4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، ضیا الحق اور قومی اسپنر یاسر شاہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے، فاخر زمان اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فاتح ٹیم کے زوہیب خان کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں