پی سی بی نے عمر اکمل کے اسٹیج ڈرامے کے دوران جھگڑنے کا نوٹس لے لیا

عمراکمل فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامے کے دوران کسی سے جھگڑ پڑے تھے جس کا پی سی بی نے نوٹس لے لیا۔


ویب ڈیسک April 25, 2016
عمراکمل فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامے کے دوران کسی سے جھگڑ پڑے تھے جس کا پی سی بی نے نوٹس لے لیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان سپرلیگ میں آئے روز تنازعات جنم لے رہے ہیں اور کھلاڑی کھلے عام پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں تاہم حکام کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جاری پاکستان کپ کے اب تک 6 میچز ہوچکے ہیں لیکن آئے روز کھلاڑیوں کی جانب سے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ یونس خان کے بعد احمد شہزاد اور اب عمراکمل تنازع کی زد میں آچکے ہیں جو فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامے کے دوران کسی سے جھگڑ پڑے جس کا پی سی بی نے سختی سے نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران عمر اکمل کے ساتھ دیگر 4 کھلاڑی بھی موجود تھے جن میں بلاول بھٹی، اویس ضیا، محمد نواز اور شاہد یوسف شامل ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی نے عمر اکمل کے جھگڑے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیج ڈرامے کے دوران مبینہ جھگڑے کی اطلاعات پر تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اگر کھلاڑی اس میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ادھر لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں میچ کے بعد اسٹیج ڈرامہ دیکھنے گیا تھا، قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی،اگرقانون کی خلاف ورزی کرتاہوں تو حکومت کو مجھے سزا دینے کا حق ہے، درخواست ہے کہ مجھ پربات کریں، میری کرکٹ پر بات کریں، میری پرفارمنس پر بات کریں لیکن پلیئرزکی ذاتی زندگی کو ہائی لائٹ نہ کیا کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان کپ کے دوران خیبرپختونخوا کے کپتان یونس خان امپائر کے فیصلے سے ناراض ہوکر ایونٹ چھوڑ کر چلے گئے جس کے بعد ٹیم کی قیادت احمد شہزاد کو سونپی گئی جنہوں نے میچ میں سنچری نہ بنائے جانے پر طیش میں ڈریسنگ روم کے شیشے توڑ دیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں