احمد شہزاد نے طیش میں آکر ڈریسنگ روم کے شیشے توڑ دیئے

احمد شہزاد بلوچستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 79 کے انفرادی اسکور پرآؤٹ ہوگئے تھے۔


ویب ڈیسک April 25, 2016
احمد شہزاد بلوچستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 79 کے انفرادی اسکور پرآؤٹ ہوگئے تھے۔ فوٹو:فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز اور پاکستان کپ میں خیبرپختونخوا کی قیادت کرنے والے احمد شہزاد میچ میں سنچری نہ بنانے پر طیش میں آگئے اور انہوں نے ڈریسنگ روم کے شیشے توڑ دیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا ٹیم کے کپتان احمد شہزاد بلوچستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 79 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے تھے اور سنچری سے قبل آؤٹ ہونے کا غصہ انہوں نے ڈریسنگ روم کے شیشے پر نکالا، بلے باز پہلے بھی کئی بار پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرچکے ہیں تاہم اس بار انہوں نے آؤٹ ہونے پر ڈریسنگ روم میں پہنچ کر اپنے بیٹ سے تمام شیشے توڑ دیئے۔ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیشے کی مرمت پر جتنا خرچ آئے گا وہ احمد شہزاد کی میچ فیس سے کاٹ لیا جائے گا۔

دوسری جانب اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ ارادتاً ڈریسنگ روم کا شیشہ نہیں توڑا، بیٹ اپنے بیگ پر پھینکا تھا جو شیشے پر لگ گیا اور شیشہ ٹوٹ گیا، اگر شیشہ توڑنے کا جرمانہ ہے تو وہ ادا کرنے کو تیار ہوں تاہم پی سی بی کی جانب سے اب تک کوئی جرمانہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کپ کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی کھل عام خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کی سب سے بڑی مثال یونس خان کا ایونٹ ادھورا چھوڑ کر جانا ہے جب کہ عمر اکمل بھی اسٹیج ڈرامے کے دوران کسی شہری سے لڑ پڑے تھے جس کا پی سی بی نے نوٹس لے لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں