دمشق میں حضرت زینب کے مزار کے قریب خودکش حملہ 16 افراد جاں بحق متعدد زخمی

حملہ آور نے بارود سے بھری کار کو ملٹری چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا جس سے 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔


ویب ڈیسک April 25, 2016
حملہ آور نے بارود سے بھری کار کو ملٹری چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا جس سے 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو؛ فائل

لاہور: شامی دارالحکومت دمشق میں حضرت زینبؓ کے مزار کے قریب خودکش حملے میں 16 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں حضرت زینبؓ کے مزار کے قریب علاقے زینبیہ میں ایک کار بم دھماکے میں 16 افراد جاں بحق جب کہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ۔ شام کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق زینبیہ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا اور خود کش بمبار نے بارودی مواد سے بھری کار کوعلاقے میں قائم ایک ملٹری چیک پوسٹ پر ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کار بم دھماکا حضرت زینبؓ کے مزار سے 700 میٹر دور ایک فوجی چیک پوسٹ پر ہوا جو رہائشی علاقے میں قائم ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بم حملے میں 70 جب کہ فروری میں حضرت زینبؓ کےمزار کے قریب بم دھماکوں میں 134 افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔