سلمان خان کی وہ 10 بلاک بسٹر فلمیں جن کی کہانی دوسری فلموں کا چربہ تھیں

دبنگ خان کے فلمی کیرئیر کی تمام بلاک بسٹر فلموں کا اسکرپٹ دوسری فلموں کے اسکرپٹ کی نقل ہے۔


Muhammad Farooq April 26, 2016
دبنگ خان کے فلمی کیرئیر کی تمام بلاک بسٹر فلموں کا اسکرپٹ دوسری فلموں کے اسکرپٹ کی نقل ہے۔

بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کسی تعارف کے محتاج نہیں ان کے مداح ان کی فلموں کا بڑی بے تابی سے انتظار کرتے ہیں اور ان کی تمام فلمیں تقریباً بلاک بسٹر ثابت ہوتی ہیں جو ان کی مقبولیت کا حقیقی ثبوت ہے لیکن حیرت انگیز طور پر سلو میاں کے فلمی کیرئیر کی بعض بلاک بسٹر فلموں کا اسکرپٹ چوری شدہ ہے۔

جڑواں:



سلمان خان نے 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ''جڑواں'' میں ڈبل رول ادا کیا تھا جسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا جب کہ فلم نے باکس آفس پر شاندار بزنس کرتے ہوئے 100 کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی تاہم یہ فلم بھی مقامی فلم نگری تیلگو کا چربہ نکلی اور اسے 1994 میں ''ہیلوبرادر'' کے نام سے ریلیز کیا گیا تھا۔

بندھن:



ہدایتکار مورالی موہانہ راؤ کی 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ''بندھن'' میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور فلم میں دبنگ خان کے کردار کو مداحوں نے بے حد سراہا تھا جب کہ فلم نے باکس آفس پر بڑی کمائی کی تھی لیکن سلو میاں کی یہ فلم بھی تامل فلم نگری کی فلم کا ریمیک نکلی۔ تامل زبان میں یہ فلم 1992 میں ریلیز کی گئی تھی اور فلم مقامی سطح پر سیمی ہٹ ہوئی تھی۔

بیوی نمبر 1:



سلمان خان کی سپر بلاک بسٹر فلم ''بیوی نمبر1'' 1999 میں ریلیز کی گئی جس کے ہدایتکار ڈیوڈ دھون تھے جب کہ فلم میں سلو میاں نے اپنے کامیڈی کردار سے شائقین کے دل جیت لیے تھے اور فلم نے باکس آفس پر کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 200 کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی۔ سلو میاں کی کامیڈی فلم ''بیوی نمبر1'' بھی لیجنڈ اداکار کمل ہاسن کی 1995 میں ریلیز ہونے والی تامل فلم ''ساتھی لیلا وتھی'' کی کاپی نکلی اور تامل فلم مقامی طور پر بھی بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

ہر دل جو پیار کرے گا:



معروف پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈ والا کی فلم ''ہر دل جو پیار کرے گا'' 2000 میں ریلیز کی گئی تھی جس میں سلمان خان، پریتی زنٹا اور رانی مکھرجی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ فلم باکس آفس پر بزنس کے حوالے سے سال کی چوتھی بڑی فلم تھی جس نے شاندار کمائی کی تھی۔ بالی ووڈ کی یہ فلم بھی مقامی ملایم فلم نگری کا چربہ نکلی جو ''چندرالیکھا'' کے نام سے 1997 میں ریلیز ہوئی تھی۔

تیرے نام:



بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ''تیرے نام'' 2003 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے سلو میاں کے ڈوبتے ہوئے فلمی کیرئیر کو عروج بخشا تھا اور فلم نگری میں انہیں ایک نئی پہچان دی تھی جب کہ فلم میں سلمان خان نے ایک طالب علم کا کردار نبھایا تھا اور فلم میں سلومیاں کی اداکاری کو مداحوں نے بے حد سراہا تھا۔ بالی ووڈ فلم نے باکس آفس پر شاندار کمائی کرکے ناقدین کے منہ بند کردیئے تھے جب کہ سلو میاں کی یہ بلاک بسٹر فلم بھی 1999 میں ریلیز ہونے والی تامل فلم ''سیٹھو'' کی کاپی نکلی اور فلم کے مناظر کو ایک ہی انداز میں فلمایا گیا تھا۔

نو انٹری:



بالی ووڈ ڈائریکٹر انیس بزمی کی 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ''نو انٹری'' میں سلمان خان، انیل کپور اور فردین خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ فلم کامیڈی پر مبنی تھی جس میں اداکاروں نے مختلف کردار نبھائے تھے اور فلم باکس آفس پر 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھی تاہم سلو میاں کی یہ فلم بھی سپر ہٹ فلموں کی طرح تامل فلم کا چربہ نکلی اور یہ فلم 2002 میں ''چارلی چیپلن'' کے نام سے ریلیز ہوئی تھی جس نے مقامی باکس آفس پر بھی شاندار بزنس کیا تھا۔

وانٹڈ:



سلمان خان کی ایک اور بلاک بسٹر فلم ''وانٹڈ'' 2009 میں ریلیز کی گئی جس نے ایک بار پھر سلو میاں کے فلمی کیرئیر کو عروج بخشا جب کہ فلم میں سلو میاں کے کردار کو ان کے مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا اور فلم نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا اور فلم نے 150 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ سلو میاں کی بلاک بسٹر فلم ''وانٹڈ'' مقامی تیلگوفلم کی کاپی نکلی جب کہ تیلگو فلم نگری میں یہ فلم 2006 میں ''پوکیری'' کے نام سے ریلیز ہوئی جس میں مقامی سپراسٹار مہیش بابو نے مرکزی کردار ادا کیا تھا یہی نہیں بلکہ فلم کی کہانی اور مناظر میں کوئی ردو بدل بھی نہیں کیا گیا۔

ریڈی:



بالی ووڈ فلم ''ریڈی'' 2011 میں ریلیز کی گئی جس میں اداکار سلمان خان اور اداکارہ آسین نے مرکزی کردار ادا کیا جسے شائقین نے بے حد سراہا تھاجب کہ فلم نے باکس آفس پر شاندار کمائی کی تھی اور 200 کروڑ تک بزنس کیا تھا تاہم دبنگ خان کی یہ فلم بھی مقامی تیلگو فلم کی کاپی نکلی جسے 2008 میں ''ریڈی'' ہی کے نام سے ریلیز کیا گیا تھا جس میں بالی ووڈ اداکارہ جنیلیاڈی سوزا اور رام نے مرکزی کردار ادا کیے تھے اور فلم نے مقامی سطح پر بھی ریکارڈ بزنس کیا تھا۔

باڈی گارڈ:



سلمان خان کی 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ''باڈی گارڈ'' ان کے فلمی کیرئیر میں اہم سنگ میل رکھتی ہے جب کہ فلم میں سلومیاں کے کردار کو مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا جس کے باعث فلم نے باکس آفس پر کامیابی کے تمام ریکارڈ اپنے نام کیے تھے اور فلم نے باکس آفس پر 250 کروڑ سے زائد کی کمائی کرکے سلمان خان کی دھاک بٹھا دی تھی تاہم سلو میاں کے کیرئیر کی سب سے کامیاب فلم بھی مقامی ملیالم فلم کا چربہ نکلی جسے 2010 میں ''باڈی گارڈ'' کے نام سے ہی ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے مقامی سطح پر بھی ریکارڈ کمائی کی تھی۔

کک:



بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی ایک اور اہم فلم ''کک'' 2014 میں ریلیز کی گئی تھی جس کی ہدایتکاری ان کے قریبی دوست ساجد ناڈیاڈوالا نے کی تھی جب کہ فلم میں سلمان خان نے اپنی کارکردگی سے نہ صرف شائقین کو محظوظ کیا تھا بلکہ باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کمائی کرکے خود کو بلاک بسٹر خان ثابت کیا تھا۔ دبنگ خان کی فلم نے باکس آفس پر 377 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا لیکن ان کی یہ بلاک بسٹر فلم بھی مقامی تلگو فلم ''کک'' کی کاپی ہے جسے 2009 میں ریلیز کیا گیا اور فلم نے مقامی سطح پربھی ریکارڈ بزنس کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں