پاک بھارت فلم انڈسٹری کے درمیان سیاست رکاوٹ ہے بھارتی ہدایتکار کبیر خان

پاک بھارت حکومتیں فنکاروں کو دونوں ممالک میں آنے جانے کی آزادی دیں، بھارتی ہدایت کار کا خصوصی انٹرویو


نمرہ ملک April 26, 2016
پاک بھارت حکومتیں فنکاروں کو دونوں ممالک میں آنے جانے کی آزادی دیں، بھارتی ہدایت کار کا خصوصی انٹرویو, فوٹو؛ فائل

PESHAWAR: بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار اور فلم ''بجرنگی بھائی جان'' کے ہدایت کار کبیر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی فلم انڈسٹری کے درمیان سیاست رکاوٹ ہے لیکن سیاست چلتی رہتی ہے لہٰذا دونوں طرف کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ فنکاروں کو آنے جانے کی مکمل آزادی دیں۔

معروف بھارتی ہدایت کار کبیر خان پاکستان میں ''ٹیکنالوجی کانفرنس'' میں شرکت کے لیے آئے ہیں جہاں کراچی کے مقامی ہوٹل میں نمائندہ ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی کا احساس ہورہا ہے، کچھ ماہ قبل لاہور آیا تھا لیکن کراچی پہلی بار آیا ہوں، امید ہے کہ یہ تجربہ خوشگوار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے تعاون ہونا چاہیے، ثقافتی معاملات کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے اس شعبے کے لوگ محبتوں کو عام کرتے ہیں۔

کبیر خان نے کہا کہ میری فلم "بجرنگی بھائی جان" کو پاکستان میں بہت سراہا گیا جس سے فلم کا مقصد پورا ہوگیا، پاکستان میں میری فلم "فینٹم" پر پابندی لگی جس کی وجہ مجھے سمجھ آگئی کہ وہ سیاسی فلم تھی تو سیاسی عوامل کی بنیاد پر وہ یہاں ریلیز نہ ہوسکی لیکن اس فلم میں بھی میرا مقصد یہی سامنے لانا تھا کہ دونوں ممالک میں کچھ طبقوں کے باعث نفرت و انتشار پھیل رہا ہے جو لوگوں کے درمیان رابطوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

بالی ووڈ ہدایتکار کا کہنا تھا کہ جب کبھی دونوں ممالک میں کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے تو میڈیا اس پر احتیاط نہیں برتتا اور ہلا مچا دیتا ہے جس کی لپیٹ میں عام آدمی بھی آجاتا ہے لیکن جب بھی چاند نواب اور بجرنگی ملتے ہیں ہمیشہ دوستی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں طرف کے انتہا پسندوں کی کوشش ہوتی ہے کہ لوگوں میں رابطہ نہ ہو پائے اور دوستی نہ قائم ہو، ہمیں اسی کوشش کو ناکام کرنا ہے کیونکہ جتنا لوگوں کے درمیان رابطہ رہے گا اتنا ہی محبتیں عام ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر فلم بنانا چاہتا ہوں، پاکستانی فلم میکر بھارت آکر فلمیں بنائیں لیکن اس میں سیاست ہی رکاوٹ ہے، سیاست تو چلتی رہتی ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی تاہم دونوں طرف کی حکومتوں کو چاہیے کہ فنکاروں کو آنے جانے کی مکمل آزادی دی جائے کیونکہ اس سے انڈسٹریز کو فائدہ ہی ہوگا۔

کبیر خان نے کہا کہ پاکستانی فنکار بالی ووڈ میں بہترین کام کررہے ہیں اور جتنا مل کر مشترکہ طور پر کام کریں گے اتنا ہی مثبت اثر قائم کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں شرکت ایک بہانہ ہے در اصل دعوت ملنے پر پاکستان آیا اور آئندہ بھی مدعو کیا گیا تو ضرور آنے کی کوشش کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں