کھارادر پولیس نے مقابلے کے بعد بھتہ خور کوگرفتارکرلیا

ملزم نے برتن بازارکے ہر دکاندار سے 5 ہزار روپے بھتہ طلب کیا،موسیٰ لین کا رہائشی ہے


ایکسپریس July 21, 2012
ملزم نے برتن بازارکے ہر دکاندار سے 5 ہزار روپے بھتہ طلب کیا،موسیٰ لین کا رہائشی ہے، فائل فوٹو

کھارادر پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک بھتہ خور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ملزم نے برتن بازار کے ہر دکاندار سے 5 ہزار روپے بھتہ طلب کیا تھا ، تفصیلات کے مطابق کھارادر پولیس کو برتن بازار کے دکانداروں نے مطلع کیا تھا کہ نامعلوم ملزمان ان سے بھتہ طلب کررہے ہیں ،

ایس ایچ او کھارادر آغا اسد اللہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس نے مخبروں کا جال بچھادیا اور گزشتہ روز برتن بازار قیصر مسجد کے قریب جب ملزمان بھتہ طلب کرنے پہنچے تو پولیس نے انھیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم عبدالرئوف ولد عبدالرزاق ٹانگوں پر گولیاںلگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے ،

پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا ، ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ملزمان کا گروہ برتن بازار کے ہر دکاندار سے 5 ہزار روپے بھتہ طلب کررہا تھا اور گذشتہ روز وہ دکانداروں سے رقم لینے آئے تھے ، آغا اسد کا کہنا تھا کہ بھتہ خوروں کا فوری طور پر کسی گروپ سے تعلق سامنے نہیں آیا ہے ، ملزم موسیٰ لین کا رہائشی جبکہ اس کا آبائی تعلق میانوالی سے ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں