شہر کے سیکڑوں مقامات پر تراویح کے روح پر ور اجتماعات کا آغاز

بعض تاریخی مساجد میںکئی صدیوں سے تراویح کی ادائیگی کی جارہی ہے

رمضان المبارک کی پہلی تراویح نیو میمن مسجد میں ادا کی جا رہی ہے،شہرکے سیکڑوں مقامات پر نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا ہے (فوٹو ایکسپریس)

شہر کے سیکڑوں مقامات پر نماز تروایح کے روح پرور اجتماعات شروع ہوگئے ہیں، مساجد، پارکوں، پلے گرائونڈ، کھلے مقامات اور مرکزی شاہراہوں پر نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا ہے، لاکھوں شہریوں نے رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کے اعلان کے بعد ان مقامات پر نماز تراویح کی ادائیگی شروع کردی تھی، اجتماعات میں شبینہ،

تین روزہ، پانچ روزہ اور دس روزہ تراویح پڑھنے کا اہتمام کیا گیا ہے، زیادہ تر مقامات اور مرکزی مساجد میں 27 ویں شب کو نماز تراویح میں پڑھے جانے والے قرآن کو ختم کیا جائے گا، نماز تراویح کے بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد آرام باغ، گلزار حبیب سولجر بازار، فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی، جامع مسجد بنوری ٹائون، دارالعلوم کراچی، مدنی مسجدعزیز آباد، فاروق اعظم مسجد، مسجد طوبیٰ ڈیفس، تھانوی مسجد جیکب لائن، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، جامع مسجد امجدیہ عالمگیر روڈ، ایکسپو سنٹر، خالقدینا ہال، جناح مسجد برنس روڈ، جامع مسجد بیت المکرم گلشن اقبال، جامع مسجد طیبہ پی ای سی ایچ ایس، رحمانیہ مسجد طارق روڈ اور دیگر مقامات پر ہوں گے،


نماز تراویح کا اہتمام کرنے والے اداروں اورا فراد نے اس سلسلے میں خصوصی انتظامات کیے ہیں جن میں شرکا کیلیے مناسب صفوں، وضو اور بیت الخلا کے انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پینے کے پانی اور روشنی کا انتظام بھی شامل ہے، زیادہ تر اجتماعات کے مقام پر نماز تراویح کے اجتماعات کیلیے برقی قمقموں کی مدد سے چراغاں بھی کیا گیا ہے،

تاجر حضرات کی ضرورتوں کے مدنظر بڑی تعداد میں سہ روزہ، پانچ روزہ اور دس روزہ تراویح کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ تاجر تراویح میں ختم قرآن کے بعد عید کے سیزن کا بھرپور فائدہ حاصل کرسکیں، علاوہ ازیں شہر کی بعض تاریخی مساجد میں گذشتہ کئی صدیوں سے نماز تراویح کی ادائیگی کی جارہی ہے۔
Load Next Story