تحریک انصاف نے اثاثوں کے فرانزک آڈٹ کا اسحاق ڈار کا چیلنج قبول کرلیا

اسحاق ڈار کے چیلنج کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں اور جب وہ چاہیں اثاثوں کا آڈٹ کرالیں، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک April 27, 2016
اسحاق ڈار کے چیلنج کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں اور جب وہ چاہیں اثاثوں کا آڈٹ کرالیں، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: تحریک انصاف نے اسحاق ڈار اور عمران خان کے اثاثوں کی تحقیقات کا چیلنج قبول کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے دیئے گئے چیلنج کو قبول کرتی جس میں انہوں نے عمران خان اور اپنے 20 سال کے اثاثے ظاہر کر کے اس کا فرازنک آڈٹ کرانے کا چیلنج کیا تھا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسحاق ڈار کے چیلنج کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں اور جب وہ چاہیں اثاثوں کا آڈٹ کرالیں۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ٹی او آر پر حکومت، اپوزیشن سے مشاورت کیوں نہیں کرتی، حکومت اپنے ٹی او آر مسلط کرنا چاہتی ہے، ہماری تحریک اس سوچ کے خلاف ہے جس نے ملک کو بھکاری بنا دیا ہے ، تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کر کے انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز بنا کر حکومت کو دیں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران عمران خان کو کھلا چیلنج دیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے 20 سالہ اثاثوں کا فرانزک آڈٹ کرانے کوتیار ہیں، عمران خان بھی ایسا کریں اور جو غلط ہوگا اسی بطور سزا سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں