محکمہ قومی بچت نے اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ جاری کردیے

3.5 ارب کی ابتدائی انویسٹمنٹ، پھر مزید 50 کروڑ کے بانڈ فروخت کیے جائینگے، آفتاب مصطفی

نیشنل سیونگز آرگنائزیشن کی جانب سے 100روپے کے اسٹوڈنٹس ویلفیئر بانڈ کے اجرا کی تقریب کے موقع پر اسٹیٹ بینک کے آفتاب مصطفی خان طالبہ کو کو پرائز بانڈ کا تحفہ دے رہے ہیں۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

MUZAFFARGARH:
نیشنل سیونگ کارپوریشن نے طلبہ میں بچت کے رجحان کو فروغ دینے کیلیے اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ جاری کردیے ہیں۔

بانڈ کی تقریب اجرا گزشتہ روز نیشنل سیونگ سینٹر کے ریجنل آفس میں منعقد ہوئی جس میں اسٹیٹ بینک کے بینکنگ سروسز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب مصطفی خان نے مہمان خصوصی کے طور پر بانڈز کے اجرا کا اعلان کیا، اس موقع پر سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر سعید احمد صدیقی، سینٹرل ڈپازیٹری کمپنی کے چیئرمین حنیف جھکورا، این سی سی کے ریجنل ڈائریکٹر عبدالباری شیخ اور سینئر افسر جاوید شیخ بھی موجود تھے۔


آفتاب مصطفیٰ خان نے کہا ہے کہ اسٹوڈنٹ ویلفیئربانڈ کی فروخت 16 نومبر سے 14 دسمبر تک مسلسل جاری رہے گی اور یہ بانڈ اسٹیٹ بینک، تمام شیڈول بینکوں کی برانچوں اور نیشنل سیونگ کی ملک بھر کی370 برانچوں سے حاصل کیے جاسکیں گے،15 دسمبر سے14 فروری تک بانڈ کی فروخت بند رہے گی اور 15 فروری کو پہلی قرعہ اندازی کراچی میں ہوگی جس میں پہلا انعام 7 لاکھ روپے، دوسرا انعام2 لاکھ روپے اور دیگر انعامات ایک ایک ہزار روپے کے ہونگے۔ آفتاب مصطفیٰ خان نے بتایا کہ اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ میں ابتدائی طور پر ساڑھے 3 ارب روپے کی انویسٹمنٹ ہوگی جبکہ مزید 50 کروڑ روپے کے بانڈ فروخت کیے جائیں گے جس کے بعد طلب کا جائزہ لے کر مزید بانڈ چھاپنے کا فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بانڈ کی پرنٹنگ سیکیورٹی پرنٹنگ پریس میں ہوئی ہے جو اسٹیٹ بینک کا پارٹنر ہے، بانڈ کے اجرا سے نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور بچت کا رحجان پیدا ہوگا۔

پروفیسر سعید صدیقی نے کہا کہ اس بانڈ کے جاری ہونے سے نوجوان میں بچت کرنے کی ترغیب کا دوبارہ آغاز ہوگا، نیشنل سیونگ اپنے صارف کو اعتماد دے رہا ہے جس کی وجہ سے قومی بچت پراڈکٹ میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ حنیف جھکورا نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور غیر ملکی میڈیا منفی پروپیگنڈا کررہا ہے تاہم بجلی، گیس کی قلت اور سیکیورٹی کے مسائل کے باوجود پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ طلبا وطالبات کو سیونگ کی جانب راغب کرے گا۔

عبدالباری شیخ نے بتایا کہ بانڈ پاکستان کے طلبا و طالبات کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کیلیے سنگ میل ثابت ہوگا، اسکول، کالج یا کسی بھی انسٹی ٹیوٹ کے کسی عمر کے بھی طلبا و طالبات اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ حاصل کرسکیں گے تاہم طلبا کے علاوہ دیگر افراد بھی یہ بانڈ خرید سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈنٹ بانڈ متعارف کرانے کیلیے بے پناہ محنت کی ہے اور اس سے طلبا میں سرمایہ کاری و بچت کا رجحان فروغ پائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story