ایف ڈی آئی 24 فیصد کمی سے 244 کروڑ ڈالر تک محدود

جولائی تا اکتوبر مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 65 فیصد اضافے سے 36 کروڑ 52 لاکھ ڈالر رہی۔


Business Reporter November 16, 2012
جولائی تا اکتوبر مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 65 فیصد اضافے سے 36 کروڑ 52 لاکھ ڈالر رہی۔ فوٹو : اے ایف پی

رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 24.2 فیصد کمی سے 24 کروڑ 44 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 32 کروڑ 27 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2012 کے دوران براہ راست سرمایہ کاری انفلوز16.7فیصد کمی سے 63 کروڑ 85 لاکھ ڈالر اور آئوٹ فلوز 11.2فیصد کمی سے 39کروڑ 41 لاکھ ڈالر رہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں براہ راست سرمایہ کاری کے انفلوز 76 کروڑ 66 لاکھ ڈالر اور آئوٹ فلوز کی مالیت 44 کروڑ40 لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 49 فیصد اضافے سے 37کروڑ 8 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 24کروڑ 78 لاکھ ڈالر رہی تھی، غیرملکی نجی سرمایہ کاری میں اضافہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری کی وجہ سے ہوا جس میں 12کروڑ 64 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 7کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 78.7 فیصد کمی سے 57 لاکھ ڈالر رہی، مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 65 فیصد اضافے سے 36 کروڑ 52 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 22کروڑ 12 لاکھ ڈالر تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2012 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 12 کروڑ 54 لاکھ ڈالر رہی، اکتوبر 2011 میں 5 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری دیکھی گئی تھی، اسی طرح اکتوبر 2012 میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری 3 کروڑ 1 لاکھ ڈالر رہی جو اکتوبر 2011میں منفی 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں