بڑی اسکرین پر کام پسند مگر فلموں میں ڈانس نہیں کرسکتی مہرین سید

کوئی بھی ایسا پروجیکٹ بنانے کی طرف نہیں جا رہا ہے جوپبلک کوسینما گھروں تک آنے پرمجبورکردے،مہرین سید


Qaiser Iftikhar April 28, 2016
ہم فلم انڈسٹری میں ایسے تخلیق کاروں کوزیادہ مواقع فراہم کریں جو مزاح کے ساتھ اپنی بات کہہ دینے کا ہنرجانتے ہوں، مہرین سید۔ فوٹو: فائل

سُپرماڈل واداکارہ مہرین سید نے کہا کہ مجھے بڑی اسکرین پرکام کرنا بے حد پسند ہے لیکن میں فلموں میں ڈانس نہیں کرسکتی۔ مجھے بہت سی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش توہوتی رہتی ہے مگران کا اسکرپٹ جاندار نہیں ہوتا جس کی وجہ سے میں کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے '' ایکسپریس '' کوانٹرویودیتے ہوئے کیا۔ مہرین سید نے کہا کہ آرٹ فلموں میں کام کرنا میری اولین پسند ہے لیکن موجودہ دورایسی فلموںکا ہے جس کو دیکھ کر فلم بین انٹرٹین ہوسکیں۔ اس لیے میرا فوکس بھی ایسی ہی کمرشل فلموں کی جانب ہے مگرتاحال ایسا کرداراوراسکرپٹ نہیں ملا جس کوسائن کرنے کے لیے مجھے سوچنا نہ پڑے۔ فلموںکی اکثریت کے ایک ہی طرح کے موضوع ہیں، جن میں ایکٹنگ کرنا میرے بس کی بات نہیں۔

معمول کی فلمیں بن رہی ہیں مگرکوئی بھی ایسا پروجیکٹ بنانے کی طرف نہیں جا رہا ہے جوپبلک کوسینما گھروں تک آنے پرمجبورکردے۔ موجودہ دور میں ایسے ہی پروجیکٹ زیادہ بننے چاہیے ہیں جن کودیکھ کرلوگ ناصرف انٹرٹین ہوں بلکہ ان کودیکھ کراپنی زندگی میں سُدھار لاسکیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں لوگوں کی بڑی تعداد بہت سے مسائل کا شکارہے، کسی کونوکری نہیں مل رہی توکسی کا علاج نہیں ہورہا، کسی کوتعلیم نہیں مل رہی توکوئی بے گھرہے، مگران تمام مسائل کوہائی لائٹ کرنے کی بجائے ایسے موضوعات پرفلمیں بنائی جاتی ہیں جس سے ہوسکتا ہے کہ لوگ انٹرٹین ہوجائیں مگروہ کچھ سیکھ کرنہیں جاتے۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم فلم انڈسٹری میں ایسے تخلیق کاروں کوزیادہ مواقع فراہم کریں جو مزاح کے ساتھ اپنی بات کہہ دینے کا ہنرجانتے ہوں، جب تک ہم ان موضوعات کا انتخاب نہیں کریں گے تب تک بہتری کی بات کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ آخرمیں مہرین سیدنے کہا کہ آنے والے دنوں میں بڑی اسکرین پر ایسے ہی کسی موضوع کی فلم میں اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھاتی نظر آؤں گی اور مجھے امید ہے کہ میرے چاہنے والے میری اس کاوش کو ضرور پسند کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔