پنجاب کے 10 اضلاع میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی غیراطمینان بخش قرار

پنجاب میں جاری 79 ترقیاتی منصوبوں میں چینی شہری کام کررہے ہیں جن میں سے 96 فیصد کی سیکیورٹی ناقص ہے

پنجاب میں کام کرنے والے 5925 چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے 9056 سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں فوٹو: فائل

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کے 10 اضلاع میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی غیر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔


ایکسپریس نیوزکے مطابق صوبے بھر میں جاری 79 منصوبوں سے 5 ہزار 925 چینی شہری منسلک ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لیے 9 ہزار 56 سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ چین سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور دیگر افراد قوت کی سیکیورٹی کے لیے فوج کے 462 ، ایف سی کے 42 ، رینجرز کے 323 ، پولیس کے1 ہزار 413 اہلکار، اسپیشل برانچ کے 59 اہلکار اور عسکری گارڈ کے 302 اہلکار سکیورٹی کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے 2 ہزار 385 ، ڈیپارٹمنٹل سیکیورٹی کے 2ہزار 259 اور نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے ایک ہزار 811 گارڈز بھی چینی شہریوں کے تحفظ کے لئے تعینات ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پولیس افسران کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ 79 ترقیاتی منصوبوں میں سے 96 فیصد کے سیکیورٹی انتظامات ناقص ہیں، ضلعی پولیس افسران ان منصوبوں اور وہاں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔
Load Next Story