یکم مئی کا جلسہ رائیونڈ دھرنے کی نیٹ پریکٹس ہے عمران خان

شریف خاندان نے عوامی پیسے سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک April 28, 2016
شریف خاندان نے عوامی پیسے سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے، چیرمین تحریک انصاف - فوٹو: ایکسپریس

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک نوازشریف پانامہ لیکس پر قوم سے سچ نہیں بولیں گے وہ مزید دلدل میں دھنستے جائیں گے جب کہ اب انہیں گھر جانا ہی ہوگا کیونکہ یکم مئی کو تحریک انصاف کا جلسہ رائیونڈ دھرنے کی نیٹ پریکٹس ہے۔



جمعرات کو مختلف میٹنگز، صحافیوں سے گفتگو اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے درجنوں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور میاں صاحب کبھی ادھر، کبھی ادھر جا رہے ہیں، موجودہ حکومت میں تاریخی قرضے لیے جا رہے ہیں، بچوں کو تعلیم دینے اور ہیلتھ کیلیے بجٹ نہیں ہے، اورنج ٹرین جیسے میگا پروجیکٹ کمیشن بنانے کیلیے شروع کیے جاتے ہیں اور پیسہ چوری کر کے آف شور کمپنیوں میں لگاتے ہیں۔



عمران خان نے کہا کہ پاکستانی کسانوں کا حال دیکھ لیں، 1300 کی گندم کی بوری ہے جو 1100 میں بیچنے پر مجبور ہے، مانسہر ہ میں چوتھی دفعہ گیس منصوبے کا اعلان کیا ہے، قوم وزیراعظم سے سوال پوچھے گی اور آپ کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہا کہ مریم شریف کہہ رہی ہے ہمارا کچھ نہیں، بڑا بیٹا کچھ اور چھوٹا کچھ اور کہہ رہا ہے، بیگم کلثوم نواز نے سچ بولا کہ یہ سب ہمارا ہے، میاں صاحب، یہ انکشاف ہوتے رہیں گے، بہتر یہ ہے کہ قوم سے سچ بولیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی زیرنگرانی کمیشن بنے گا تو سب سے پہلے ایک ہی کیس ہوگا وہ پانامہ لیکس ہے جس کا فیصلہ ہوگا، سب سے پہلے نوازشریف کا احتساب ہوگا، عمران خان اس کے بعد اپنا احتساب کرائے گا، پہلے آپ کو جواب دینا ہوگا۔



چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پارٹی میں سب میں دوستی میں ہوگئی ہے، شفقت محمود اورچوہدری سرور جبکہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود میں دوستی ہوگئی ہے، اسلام آباد جلسے میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنیوالوں کو جیل میں ڈالیں گے، لاہور جلسے میں عورتوں کو بھرپور سیکیورٹی دیں گے، رائیونڈکی بھی تیاری کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ عوام کے پیسوں سے اشتہارات دے رہے ہیں وہ بھی جھوٹے، شریف خاندان کی کرپشن اشتہار دینے سے نہیں چھپ سکے گی، پانامہ لیکس کے حوالے سے حکمراں قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولے جارہے ہیں، پانامہ لیکس میں نام آنے پر آئی سی آئی جے نے وزیراعظم سے کوئی معافی نہیں مانگی بلکہ شریف خاندان کی کرپشن چھپانے کیلیے قوم کا پیسہ اشتہارات پر بے دریغ خرچ کیا جارہا ہے۔ حکمرانوں نے شوکت خانم کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا، شوکت خانم کے سارے فنڈز واپس آگئے تھے، پانامہ لیکس میں نام آنے کے بعد وزیراعظم حکومت کرنیکا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔



عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب کو حکومت کی جانب سے ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے پر ایکشن لینا چاہیے، شریف فیملی کو چاہیے کہ اپنے آف شور اکاؤنٹس کے دفاع کے لیے عوامی پیسے کے بجائے بیرون ملک بھیجے گئے اربوں روپے میں سے رقم استعمال کرے، شریف خاندان کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ پاکستان ہے اور یہاں جمہوریت ہے بادشاہت نہیں جہاں شریف خاندان بغیر کسی احتساب کے عوام پر حکمرانی کرسکے۔



چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میاں صاحب خیبر پختونخوا چلے گئے ہیں کیونکہ لاہوریوں کے سامنے آنے سے انہیں ڈر لگ رہا ہے، اس بار ڈیزل بھی میاں صاحب کا ساتھ نہیں دیگا، ساری اپوزیشن جماعتوں کیساتھ مل کر فیصلہ کیا ہے کہ پانامہ پیپرز کے معاملے پر اکٹھے ہوجائیں اور میاں نواز شریف کومجبور کر دیا تو پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی اور پاکستان میں پہلی بار کسی طاقتور کا احتساب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بھائیوں نے خوب ڈرامے کیے، شہباز شریف تو مائیک ہی توڑ دیتے ہیں جب کہ میاں صاحب معصوم شکل بنا لیتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں