یہ بھی ہے ایک ذریعۂ روزگار انٹرنیٹ کے ذریعے بھی کمائی ممکن ہے مگر کیسے
چال بازیاں، دھوکے اور غلطیاں، انٹر نیٹ کے ذریعے پیسہ کمانے والے ہوشیار رہیں۔
انٹرنیٹ کو فی زمانہ اکثریت وقت گزاری، تفریح، دوستی اور معلومات کا ایک ذریعہ سمجھتی ہے، مگر آپ انٹرنیٹ کے ذریعے گھر بیٹھے روزگار بھی کما سکتے ہیں۔
ایک ایسے دور میں جب مہنگائی عروج پر ہو بیروزگاری عام ہوتی جائے تو ایسے دور میں انٹرنیٹ آپ کے لیے بہترین ذریعہ روزگار ثابت ہو سکتا ہے۔ یا وہ تمام افراد جو اپنی ماہانہ آمدنی میں اضافے کے لیے پارٹ ٹائم جاب کی تلاش میں ہیں ۔ وہ خواتین جو گھر کے کاموں سے فارٖغ ہونے کے بعد گھر بیٹھے کوئی کام کرنا چاہتی ہیں، جو ان کے لیے حصول آمدن کا باعث ہو اور گھر کا بجٹ بہتر طور پر چلایا جا سکے۔ وہ تمام طلبہ و طالبات جو پڑھائی کے ساتھ ساتھ کچھ کام کرکے اپنا جیب خرچ نکالنا چاہتے ہیں۔ ایسے تمام افراد کے لیے انٹرنیٹ بہترین ذریعہ روزگار ثابت ہوسکتا ہے۔
انٹرنیٹ استعمال نہ کرنے والوں کے ذہن میں اس کی بابت کئی خیالات ہوتے ہیں، جو عموماً مفروضے بن جاتے ہیں۔ مثلاً انٹرنیٹ پر کام کرنے کے لیے بہت اچھی انگریزی آنا ضروری ہے یا اس زبان کی بول چال کا جاننا ضروری ہے، جب کہ یہ قطعاً غلط ہے۔ اگر آپ محض میٹرک یا انٹر پاس ہیں اور تھوڑی سی انگریزی لکھنا پڑھنا جانتے ہیں، تو بس یہ مضمون آپ ہی کے لیے ہے۔ اب اضافی اخراجات اور دن بہ دن بڑھتی مہنگائی سے پریشان ہونا چھوڑ دیں۔
سب سے پہلے آپ کو اپنی صلاحیتوں کا ادراک کرنا پڑے گا اور اپنی دل چسپی کا محور ڈھونڈنا ہوگا۔ مثلاً آپ کس ہنر میں ماہر ہیں یا آپ کی تعلیم، ہنر، شارٹ کورسز کوئی ڈپلوما کورسز کیسے ہیں یا آپ لکھنے پڑھنے کے دل دادہ ہیں، تو آپ کو انٹرنیٹ پر اسی مناسبت سے کام ڈھونڈنا پڑے گا۔
انٹرنیٹ پر موجود کئی ویب سائٹس کام کرنے والوں کو مختلف صلاحیتوں کے اعتبار سے روزگار فراہم کرتی ہیں۔ درحقیقت یہ ویب سائٹس روزگار تلاش کرنے والوں اور روزگار مہیا کرنے والوں کے درمیان ایک مڈل (مڈل مین) ثالثی کا کردار ادا کرتی ہیں اور معمولی سے معاوضے کے عوض یہ رابطے کا ایک ذریعہ بنتی ہیں۔
ان ویب سائٹس پر اپنا اکاؤنٹ بنانے یا ممبر بننے کے لیے کئی یہ ویب سائٹس کچھ معاوضہ طلب کرتی ہیں، جب کہ کئی ویب سائٹس پر بلامعاوضہ بھی آپ ممبر بن سکتے ہیں۔ ممبر بنتے ہی آپ کو اپنے متعلق بنیادی معلومات ویب سائٹ پر درج کرنی پڑتی ہیں، مثلاً آپ روزگار حاصل کرنا چاہتے ہیں یا روزگار مہیا کرنا چاہتے ہیں ۔ آپ کی دل چسپی کس شعبے میں ہے۔ آپ اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کس طرح کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کو لکھنے سے دل چسپی ہے تو کیا کیا لکھنا پسند کرتے ہیں، جیسے مضامین، خبریں، کہانیاں وغیرہ، غرض جس شعبے اور صنف میں آپ خود کو ماہر سمجھتے ہیں، وہی منتخب کریں۔ اس طرح آپ کا Profile تیار ہوجائے گا۔ اور ویب سائٹ پر کام کرنے والوں کی تلاش کے دوران آپ کا نام بھی آئے گا۔
آپ کی منتخب کردہ صلاحیتوں اور آپ کی دل چسپی کے دائرے کے مطابق جیسے ہی کوئی اسامی آئے گی، آپ کو بذریعہ ای میل مطلع کر دیا جائے گا۔ عموماً اسامیاں کم اور کام کرنے والے زیادہ ہوتے ہیں، لہٰذا جو کم دام میں بہتر کام اور جلدی کرکے دے دیتا ہے، اس کو وہ کام دے دیا جاتا ہے۔ پروجیکٹ مکمل کرکے دینے پر ویب سائٹ پر آپ کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہونے کی تفصیل آجاتی ہے۔ کئی ویب سائٹس اپنے اراکین کے بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقلی کا کام انجام دیتی ہیں، جس کے لیے چند ڈالر کی فیس کی اس رقم میں سے کٹوتی ہوجاتی ہے اور یوں جناب! گھر بیٹھے آپ کما سکتے ہیں انٹرنیٹ کے ذریعے کمانے کے لیے آپ کو ذیل میں درج چند باتوں کا ضرور دھیان رکھنا چاہیے:
٭ اپنی صلاحیت کو بہترین انداز میں پیش کریں:
مشہور کہاوت ہے ''پہلا تاثر ہی آخری تاثر ہوتا ہے۔'' کوشش کیجیے آپ کا پہلا تاثر بہت اچھا اور متاثرکن ہو۔ اس کے لیے اپنا پروفائل بہترین بنائیے اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے نمونے اس میں شامل کیجیے۔ مثلاً اگر آپ لکھنا چاہتی ہیں، تو آپ کا تحریر کردہ بہترین طبع زاد یا غیرمطبوعہ مضمون اس میں موجود ہو۔ اسی طرح اگر آپ گرافک ڈیزائنر ہیں تو بہترین پروجیکٹ کو اپنے پروفائل میں شامل کیجیے۔ اگر ویب سائٹ ڈیزائنر ہیں، تو بہترین ویب سائٹ کا لنک شامل ہو۔ غرض آپ جس میدان ہنر یا فن میں مہارت رکھتے ہوں، اس میں وہ آپ کا بہترین مظاہرہ ہونا چاہیے، تاکہ آپ کا پروفائل دیکھ کر پروجیکٹ کے لیے آپ کو منتخب کرنے والے کو کامل یقین ہوجائے کہ وہ بہترین شخص کا انتخاب کر رہا ہے، جو اس میدان میں ماہر ہے۔
٭ بہترین نتائج کے لیے محنت کریں:
ہر میدان عمل میں محنت کام یابی کی کنجی ہے۔ اسی طرح اس میں بھی آپ محنت کرکے اپنی صلاحیتوں کو چار چاند لگا سکتے ہیں۔ مثلاً مختلف کورسز کریں۔ مطالعہ کریں۔ تحقیق کریں ۔ وقت بہت تیزی سے گزر رہا ہے اور گزرتے وقت کے ساتھ روز بروز ہر میدان عمل میں ترقی ہوتی جا رہی ہے۔ کوئی بھی کام کرنے کے لیے آپ کو پتا ہونا چاہیے اس میں نیا کیا ہو رہا ہے کیا نئی تحقیق ہوئی ہے۔ اس کے لیے آپ انٹرنیٹ پر موجود سرچ انجن کی بھی مدد لے سکتے ہیں۔
٭ سوشل نیٹ ورکنگ:
فی زمانہ سوشل نیٹ ورکنگ کی ویب سائٹس بھی آپ کی صلاحیتوں کا کے بھرپور اظہار کا ایک موزوں ذریعہ ہیں ۔ آپ اپنا پیج یا گروپ بنا کر اس میں اپنی نگارشات یا اپنے کام کے مختلف نمونے یا اپنے پروجیکٹ کی تصاویر وغیرہ شامل کرکے دوسروں کو اپنے ہنر، اپنے فن اور اپنی صلاحیت سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ مثلاً کئی افراد جو یونٹ منیجمنٹ یا صرف شادیوں میں ڈیکوریشن کا کام کرتے ہیں، تو وہ مختلف تصاویر کے ذریعے آرڈر حاصل کر لیتے ہیں ۔ ڈریس ڈیزائنر اپنے ملبوسات کی تصاویر شامل کرکے آرڈر حاصل کر لیتی ہیں اور پھر بیرون شہر یا بیرون ملک ہونے کی صورت میں کوریئر سروس کے ذریعے بھجوا کر بینک اکاؤنٹ میں رقم کی وصولی کرلی جاتی ہے۔
اسی طرح بے شمار نوجوان مختلف میسنجرز مثلاً yahoo , skypeوغیرہ پر ٹیوشن لینے کا کام بھی کرتے ہیں۔ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر اس کے متعلق بتا کر یا اشتہار لگا کر وہ طالب علموں کو آن لائن پڑھاتے ہیں ۔ غرض انٹرنیٹ کے ذریعے بے شمار طریقوں سے آپ گھر بیٹھے کما سکتے ہیں ۔ بس صلاحیت ہو، پختہ یقین اور اعتماد ہو تو کام یابی آپ کے قدم چوم لیتی ہے۔
٭ دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں:
ہر شعبۂ زندگی کی طرح انٹر نیٹ کی دنیا میں بھی دھوکے عام ہیں۔ لہٰذا بہت سوچ سمجھ کر اور محتاط ہو کر کام کیجیے کوئی بھی پروجیکٹ کرنے سے پہلے آدھی ادائیگی کا مطالبہ ضرور کر دیجیے۔ اس کے علاوہ اپنی ذاتی معلومات کسی کو دینے سے قطعی گریز کریں۔ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس پر بھی آرڈر کی تکمیل اسی صورت میں کریں، جب ایڈوانس ادائیگی آپ کو مل جائے۔ رقم کی منتقلی کے لیے بھی بہت محتاط ہو کر ویب سائٹس کا انتخاب کیجیے ۔ کئی معروف ویب سائٹس پاکستان میں رقم کی ترسیل کا کام نہیں کرتیں، لہٰذا اپنی ذاتی معلومات پتے، بینک اکاؤنٹ نمبر سوئفٹ کوڈ وغیرہ بغیر کسی کی مشاورت کے کسی ویب سائٹ پر نہ ڈالیں۔ ہر ویب سائٹ کے تعارف، قواعد و ضوابط کو بغور پڑھنے کے بعد کوئی بھی فیصلہ کریں۔
انٹرنیٹ کے ذریعے بہ حیثیت فری لانسر پیسہ کمانا جتنا پرکشش اور آسان محسوس ہوتا ہے، اتنا ہی خطرناک بھی ہے، کیوں کہ اس میں دھوکے، فراڈ ، چال بازیاں عام ہیں۔ انٹرنیٹ کی دنیا ایک سراب کی طرح ہے، بہت خوب صورت اور پرکشش نظر آنے والی پیش کش کے درپردہ کون ہے اور اس کے کیا عزائم ہیں؟ انٹرنیٹ یوزر عموماً اس سے لاعلم رہتا ہے۔ کئی دفعہ نوجوانوں کی دن رات کی محنت مٹی میں مل جاتی ہے ۔
جب ایسی کسی پیش کش سے فائدہ اٹھانے والے کو مطلوبہ رقم نہیں ملتی، اس کے ساتھ کسی چال بازی کے ذریعے پراجیکٹ کروا لیا جاتا، یا پھر کسی بھی ویب سائٹ کی مکمل آگاہی کے بغیر یعنی ہر ویب سائٹ کے جو اصول و ضوابط ہیں یا کام کرنے کی جو شرائط ہیں، ان کا بغور مطالعہ نہ کرنے کی صورت میں بھی بہت سے افراد محنت کرنے اور پراجیکٹ مکمل کرنے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرپاتے۔ لہٰذا انٹرنیٹ پر کام کرنے اور پیسہ کمانے کے لیے بہت سوچ سمجھ کر پراجیکٹ قبول کریں اور رقم کی وصول کے لیے بھی بہت سمجھ داری سے کام لیں۔
ہمیشہ شرائط اور قواعد وضوابط بہ غور پڑھیں۔ بہ صورت دیگر آپ پریشان ہوسکتے ہیں، کیوں کہ ایسی ویب سائٹس بھی ہیں جو رقم کی منتقلی کے لیے مشہور ہیں، لیکن وہ پاکستان میں رقم کی منتقلی نہیں کرتیں، لہٰذا بہت سوچ بچار اور سمجھ داری سے ویب سائٹس منتخب کریں اور ان پر اپنی معلومات کا اندراج کریں۔ اندراج کرتے وقت اگر آپ سے معمولی سی بھی غلطی ہوگئی تو ہوسکتا ہے کہ رقم آپ کے اکاؤنٹ کے بجائے کسی دوسرے کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے۔ اپنے بینک کا سوئفٹ کوڈ دیتے وقت بھی احتیاط لازمی ہے۔
انٹرنیٹ پر بحیثیت فری لانسر کام کرنے والوں کے ساتھ عموماً جو دھوکے اور چال بازیاں ہوتی ہیں ان میں سے چند درج ذیل ہیں:
1۔ پراجیکٹ مکمل کرکے ان کے مطلوبہ ای میل پر بھیجنے یا ویب سائٹ پر بھیجنے کے بعد رقم کا آپ کے اکاؤنٹ میں منتقل نہ ہونا۔ یہ سب سے عام دھوکا ہے، جو بیشتر لوگوں کو انٹرنیٹ پر کام کرنے یا بہ حیثیت فری لانسر کام کرنے سے بد دل کر دیتا ہے۔ اس ضمن میں سب سے بہتر طریقہ یہی ہوتا ہے کہ آدھی پیمنٹ (رقم) یا رقم کا کچھ حصہ ایڈوانس میں وصول کرلیا جائے۔ بہ صورت دیگر اگر آپ نے ویب سائٹ پر ہی پراجیکٹ مکمل کرکے ارسال کیا ہے، تو آپ ویب سائٹ کے سپورٹ سسٹم سے بات کرکے براہ راست یا ایم میل کے ذریعے اپنی شکایت ان تک پہنچا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ کوئی بھی پراجیکٹ قبول کرنے سے قبل پراجیکٹ دینے والے کے پروفائل میں اس کے متعلق لکھے گئے تبصرے یا تاثرات ضرور پڑھ لیجیے۔ اس کے علاوہ کئی ویب سائٹس پر مخصوص نشان ہوتے ہیں، جو ان کے پروفائل میں ہوتے ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ میں ادائیگی کے لیے رقم ہے یا نہیں۔ اگر آپ مطمئن نہ ہوں تو پراجیکٹ قبول نہ کریں۔
2۔ اکثر آپ کو مختلف پیغامات بھی آپ کے نام پراجیکٹ کی صورت میں بھیجے جاتے ہیں ، جس میں اوپر ایک پراجیکٹ قبول کرنے کا ٹیپ ہوتا ہے۔ اس پر کلک کرتے ہی اس ویب سائٹ کی فی پراجیکٹ مقرر کردہ جو فیس ہوتی ہے وہ چند ڈالر کی صورت میں آپ کے اکاؤنٹ سے ویب سائٹ کو منتقل ہوجاتی ہے۔ لہٰذا کوئی بھی کلک کرنے کا پراجکیٹ قبول کرنے سے قبل بہ غور پڑھ لیں۔
3۔ کئی ویب سائٹس چند ہزار روپے کی ممبر شپ کے عوض آپ کو ممبرشپ دیتی ہیں، جس کے بعد مختلف پراجیکٹ کرنے پر آپ کے ویب سائٹ کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہوتی رہتی ہے، لیکن ان کی ایک مقررہ رقم ہوتی ہے، مثلاً سو ڈالر مقررہ رقم ہے ۔ اس سے کم رقم ہونے کی صورت میں آپ ویب سائٹ سے رقم اپنے بینک اکاؤنٹ میں منتقل نہیں کر سکتے۔ اس قسم کی ویب سائٹس شروع میں آپ کے پراجیکٹ قبول کرکے پسندیدگی کا اظہار کرتی ہیں اور جب مقررہ رقم میں کچھ رقم باقی رہ جاتی ہے تو آپ کے پراجیکٹ مسترد کر نا شروع کر دیتی ہیں اور یوں انٹرنیٹ کو ذریعۂ معاش بنانے کے خواہش مند مسلسل محنت کرنے کے باوجود صلہ نہیں پاتے اور ممبر شپ کی رقم بھی ڈوب جاتی ہے ۔ لہٰذا ایسے چال بازوں سے ہوشیار رہیں۔