وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش مسترد کردی

پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ نہ کرنے سے حکومت کو 8 ارب کا نقصان ہوگا جسے عوام کی خاطر برداشت کرنے کو تیار ہیں، وزیراعظم

اوگرا نے پیٹرول 3روپے، اسپیڈ ڈیزل 4.41 روپے اور مٹی کا تیل 1.16 روپے فی لیٹر اضافی کی تجویز دی تھی۔ فوٹو: فائل

QUETTA:
اوگرا نے آئندہ ماہ کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کی بھجوا ئی تھی جسے وزیراعظم نوازشریف نے مسترد کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزارت پیٹرولیم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری کو مسترد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے سے حکومت کو 8 ارب کا نقصان ہوگا جسے عوام کی خاطر برداشت کرنے کو تیار ہیں۔


اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی گئی سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل 4روپے 41 پیسے، پیٹرول 3روپے، لائٹ ڈیزل ایک روپیہ 34 پیسے ، مٹی کا تیل ایک روپیہ 16پیسے جب کہ ہائی آکٹین کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

Load Next Story