کراچی میں غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والا بھائی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ملزم حیات خان نے اپنی بہن سمیرا کو فون پر بات کرتے دیکھ کر چھریوں کے وار سے قتل کیا تھا، پولیس

ملزم حیات خان نے اپنی بہن سمیرا کو فون پر بات کرتے دیکھ کر چھریوں کے وار سے قتل کیا تھا، پولیس، فوٹو؛ فائل

عدالت نے بہن کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزم حیات خان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے بہن کے قتل میں ملوث ملزم حیات خان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے اسے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی عبدالباسط کہلوڑو کے روبرو پیش کیا جہاں پولیس نے عدالت سے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنا جرم قبول کیا ہے جب کہ ملزم کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے کیونکہ مقتولہ کے اہل خانہ نے کوئی کارروائی کرنے سے انکار کردیا تھا، عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔


پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس نے اپنی بہن کو آشنا سے بات کرنے میں مصروف دیکھا جس پر اسے قتل کردیا جب کہ اس نے کوئی گناہ نہیں کیا اور والدین نے بھی اسے معاف کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ والد نے بھی ملزم کو معاف کرنے کا عندیہ دیا ہے اور کہا کہ بیٹی بھی چلی گئی اور بیٹے کو جیل نہیں جانے دے سکتے۔

واضح رہے کہ ملزم حیات خان نے اپنی بہن مسماۃ سمیرا کو غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جب کہ پولیس نے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ مومن آباد میں درج کیا ہے۔

Load Next Story