حیدر آباد ڈاکوئوں کا نجی بینک پر دھاوا 33 لاکھ روپے لوٹ لیے

لطیف آباد نمبر7میں8 مسلح افراد بینک میں داخل ہوئے، سیکیورٹی گارڈ پرتشدد،سی سی ٹی وی فوٹیج بھی لے گئے


ایکسپریس July 21, 2012
لطیف آباد نمبر7میں8 مسلح افراد بینک میں داخل ہوئے،عملے کو یرغمال بنالیا،سیکیورٹی گارڈ پرتشدد،سی سی ٹی وی فوٹیج بھی لے گئے۔ فائل فوٹو

PARIS: حیدرآباد میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا،جمعہ کو مسلح افراد نے نجی بینک،موبائل فرنچائز اورایک گھر میں گھس کر لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا، نجی بینک میں ڈکیتی کے دوران مسلح افراد لاکھوں روپے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی لے گئے جبکہ موبائل فرنچائزشاپ پر ڈکیتی کے بعد سیکیورٹی گارڈکی فائرنگ سے ڈاکو زخمی ہوگیا جسے اس کے ساتھی اپنے ہمراہ لے گئے لیکن موٹر سائیکل نہ لے جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق لطیف آباد اے سیکشن کی حدود لطیف آباد نمبر7میں واقع نجی بینک میںکار اور موٹر سائیکل میں سوار8افراد آئے اور سیکیورٹی گارڈ قادر اور عامرکو زد وکوب کرنے کے بعد انکی رپیٹرگن چھین لی اور اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بناکر 33 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ لی اور جاتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ سے چھینی گئی رپیٹرگن چھوڑکرفرار ہوگئے۔ڈکیتی کی اطلاع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی سہیل یوسف اور ایس ایس پی پیر فرید جان سرہندی، ایس پی ہیڈ کوارٹر امجد شیخ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ وہاں پہنچ گئے۔

عینی شاہدکے مطابق بینک لوٹنے کے بعد مسلح افراد باہر نکلے اورکسی کو فون کیا جس کے بعدکالے رنگ کی گاڑی آئی اوروہ اس میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ایس ایس پی پیر فرید جان سرہندی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ماحول ٹھنڈا تھا گرم ہوگیا، اب جرائم پیشہ افرادکے خلاف کارروائی کرنے میں مزہ آئے گا۔انھوں نے بتایاکہ ڈکیتی کے حوالے سے شواہد ملے ہیں جس کی بنیاد پر تحقیقات کرکے بہت جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ایس پی ہیڈ کوارٹر امجد شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ ون فائیو سے اطلاع ملی کہ بینک میں ڈکیتی ہوئی ہے اورملزمان سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں، فرانزک عملے کی مدد سے فنگر پرنٹس لے لیے ہیں،ڈکیتی کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جائے گی اور ملوث افرادکے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں3مسلح افراد فاطمہ جناح روڈ پر نجی موبائل کمپنی کی فرنچائز شاپ میں داخل ہوئے اور عملے کو یرغمال بنانے کے بعد کائونٹر میں موجود6لاکھ روپے اور10سے زائد موبائل فون لوٹ کر لے گئے۔

ڈاکوئوں کے فرار ہونے پر فرنچائز کے سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کردی جس سے ڈاکوئوںکا ایک ساتھی زخمی ہوگیا جسے وہ اپنے ساتھ لے جانے میںکامیاب ہوگئے تاہم ڈاکوئوں نے موٹر سائیکل قریبی گلی میں چھوڑ دی۔ واقعے کے بعد پولیس پہنچ گئی۔پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔

ادھرسائٹ ایریا تھانہ کی حدود زیل پاک کالونی میں3نامعلوم مسلح افراد در محمد نامی شخص کے گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بناکر طلائی زیوارات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ لوٹے گئے سامان کی مالیت5لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔پرنس ٹائون قاسم آباد میں نامعلوم مسلح افراد بینک سے رقم نکلواکر جانے والے اعجاز نامی شخص سے ساڑھے3لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے،جبکہ مکی شاہ تھانہ کی حدود7نمبر فلائی اوور سے نامعلوم مسلح افراد نے دو دوستوں ریحان اور علی رضا سے 15 ہزار روپے اور2موبائل فون چھین لیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں