میرے بچوں نے کوئی جعلسازی نہیں کی علیم ڈار

برطانوی کلب کے وائس پریذیڈنٹ نے میرے بچوں کو کلب میچز کھلائے جس پر انہوں نے استعفیٰ بھی دیدیا، پاکستانی امپائر


ویب ڈیسک April 30, 2016
اپنے ملک کو کبھی چھوڑ کر نہیں جاؤں گا میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، پاکستانی امپائر ۔ فوٹو: فائل

پاکستانی امپائر علیم ڈار نے اپنے بچوں پر لگائے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچوں نے کوئی جعلسازی نہیں کی جب کہ میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی امپائر علیم ڈار نے اپنے بچوں پر لگائے جانے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچوں نے کوئی جعلسازی نہیں کی اور نہ ہی میں نے اپنے بیٹوں کی ایسی کوئی دستاویزات بنائی ہیں جو اس وقت میڈیا میں چل رہی ہیں، میرے بچوں کے پاس صرف پاکستانی پاسپورٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس بیرون ملک سکونت اختیار کرنے کے بہت سے مواقع تھے اور اب بھی بہت سے آفرز موجود ہیں لیکن میں اپنے ملک کو چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گا اور نہ ہی میرے بچے باہر جائیں گے۔

علیم ڈار نے کہا کہ میرے بچے اپنی والدہ کے ساتھ ایک عزیز کے پاس چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے فرینڈلی میچز کھیلیں ہیں کیوں کہ جس کلب سے وہ کھیلے تھے اس کے وائس پریذیڈنٹ میرے بہت اچھے فیملی فرینڈ ہیں جس کے باعث انہوں نے میرے بچوں کو لیگ کے میچز بھی کھلائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں بتایا گیا تھا کیوں کہ یہ مسئلہ اتنا پیچیدہ نہیں تھا جتنا میڈیا نے بنا دیا ہے، کچھ لوگ میرے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے رابطہ کرنے پر کلب کے وائس پریذیڈنٹ نے اعتراف کیا کہ اس میں بچوں کی کوئی غلطی نہیں یہ صرف میری غلطی تھی کہ میرے اسرار پر انہوں نے میچز کھیلے جب کہ اپنی غلطی پر میں نے استعفی دے دیا ہے اور میں اس کا لیٹر دینے کو بھی تیار ہوں۔

واضح رہے گزشتہ روز کھیلوں کی ویب سائٹ (کرک انفو) نے دعویٰ کیا تھا کہ علیم ڈار کے بیٹے جعلی ناموں سے اسکاٹ لینڈ میں کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں