باریاں مانگنے والے پاکستان پر وار کرنا چاہتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعظم سےاستعفی کامطالبہ کرنیوالےبلاول کواپنے والد کی کرپشن کاپتہ چل جائےتووہ لاڑکانہ جاکربیٹھ جائیں، وزیراعلی پنجاب


ویب ڈیسک May 01, 2016
علیم خان نے کہا کہ انکا لندن میں 28 لاکھ کا فلیٹ ہے لیکن اتنی رقم میں وہاں کوئی کھانے کو بھی نہیں دیتا، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

LONDON: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ باریاں مانگنے والے پاکستان پر وار کرنا چاہتے ہیں۔

لاہورمیں یوم مزدور کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب تک 48 ہزار بچوں کو بھٹوں سے اٹھا کر اسکولوں میں لا چکے ہیں، پنجاب میں اب بھی 7 ہزار اینٹوں کے بھٹوں پر ہزاروں بچے کام کر رہے ہیں، چند ٹکوں کی خاطربچوں کا مستقبل تاریک کیا جا رہا ہے لیکن میرا عہد ہے کہ بھٹے میں کام کرنے والے آخری بچے کے اسکول جانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، اگلے 3 سے 4 ماہ میں ہوٹلوں، ورکشاپوں اور پٹرول پمپس پر کوئی بچہ کام کرتا نظرنہیں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کی خوشحالی اورتعلیم کے بغیرملک ترقی نہیں کر سکتا، اسی چیزکو مد نظررکھتے ہوئے جولائی سے مزدورکی تنخواہ 13 ہزارسے بڑھا کر14 ہزارروپے کردی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پانامہ لیکس پرتنقید کرنے والے قبضہ مافیا گروپ کے کہنے پروزیراعظم نے انکوائری کمیشن بنا دیا، کرپشن کا شورمچانے والے عمران خان کے ساتھ بینکوں سے قرضے معاف کرانے والے کھڑے ہیں، قرضے معاف کرانے والوں کے پاس جہاز، محلات، بڑی بڑی گاڑیاں اورکاروبار بھی ہیں، احتساب کا مطالبہ کرنے والوں کی خود آف شورکمپنیاں ہیں، علیم خان نے کہا کہ ان کے 28 لاکھ کے لندن میں فلیٹ ہیں تو اتنی رقم میں تو وہاں کوئی روٹی بھی نہیں کھانے دیتا۔ انھوں نے کہا کہ باریاں مانگنے والے پاکستان پروارکرنا چاہتے ہیں، جہانگیرترین نے میرے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے، مقدمہ جیت کر رقم قومی خزانے میں جمع کراؤں گا، اگر عمران خان نے کرپشن کے خلاف ریلیاں نکالنی ہیں تو پہلے اپنے ساتھ کھڑے لوگوں کے خلاف نکالیں، عمران خان تم تھک جاؤ گے لیکن شہباز شریف کھڑا رہے گا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ روزکی تقریر کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بلاول ہمارا مستقبل ہے لیکن گزشتہ روز اس نے دبئی کے ایک بھگوڑے کو ساتھ بٹھا کر بھڑکیں ماریں، ایک بچہ وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہا ہے، میں بلاول کو بتانا چاہتا ہوں کہ بیٹا آپ کے والد نے پچھلے دور حکومت میں جو اربوں روپے کی کرپشن کی اگر ان کے بارے میں آپ کو پتہ چل گیا تو آپ سیدھے لاڑکانہ جا کر بیٹھ جاؤ گے، ایسی باتیں کہو جو خود سہہ سکو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔