سابق وزیراعظم گیلانی کی نااہلی کو ختم کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی صدر زرداری

صدر کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ سے گیلانی ہاؤس تک 1600 اہلکار مامور کئے گئے ہیں

صدر کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ سے گیلانی ہاؤس تک 1600 اہلکار مامور کئے گئے ہیں۔ فوٹو فائل

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کو ختم کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

صدر آصف زرداری سابق وزیراعظم گیلانی کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کے لئے ملتان پہنچے، اس موقع پر صدر زرداری نے یوسف رضا گیلانی سے 20 منٹ ون ٹو ون ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم گیلانی کی نااہلی کو ختم کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے وقت آنے پر پارٹی اور عوام کو بتائیں گے۔


اس موقع پر جنوبی پنجاب پیپلز پارٹی کے صدر اور جنوبی پنجاب تنظیم کے عہدے داروں نے صدر آصف زرداری سے سرائیکی صوبے کا مطالبہ کیا، جواب میں صدر نے کہا کہ سرائیکی صوبے کے لئے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے، جیسے ہی مجھے ایوان میں دو تہائی اکثریت حاصل ہوگی ہم سرائیکی صوبے کے حوالے سے اسمبلی میں قرارداد پیش کر دیں گے اور سرائیکی صوبے کا قیام عمل میں لائیں گے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی کو حج اسکینڈل میں ایف آئی اے کی جانب سے نوٹسز بھیجے گئے تھے جبکہ یوسف رضا گیلانی کے دوسرے صاحبزادے موسی گیلانی بھی ایفی ڈرین کیس میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے سابق وزیراعظم پارٹی سے ناراض ہیں اور وہ ایوان صدر چھوڑ کر لاہور چلے گئے تھے، صدر زرداری کے دورے کا مقصد سابق وزیر اعظم کی ناراضگی دور کرنا اور ان کو اپنے ساتھ واپس اسلام آباد لے کر آنا ہے۔
Load Next Story