کچھ لوگ حکومت کی چھٹی اورجمہوریت کا خاتمہ چاہتے ہیں رحمان ملک

شریف برادران کی کرپشن کے ثبوت آئندہ ہفتے پیش کروں گا،رحمان ملک

شریف برادران کی کرپشن کے ثبوت آئندہ ہفتے پیش کروں گا،رحمان ملک. فوٹو ایکپسریس

وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ کچھ لوگ حکومت کی چھٹی اورجمہوریت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ شریف برادران کی کرپشن کے ثبوت آئندہ ہفتے پیش کروں گا، مسلم لیگ نواز نے پنجاب میں کئی منصوبوں میں کرپشن کی ہے، انہوں نے کہا کہ شریف برادران عوام کو اپنی کرپشن سے آگاہ کریں ، پنجاب میں ہر سال ہزاروں اغوا کے واقعات ہورہے ہیں۔


وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ انسداد دہشتگردی بل سے پارلیمنٹ کو آگاہ کردیا ہے، ہمیں انسداد دہشتگردی بل کا قانون جلد منظور کرنا ہوگا، حکومت نے دہشت گردی کی اطلاعات کے بعد کراچی اورکوئٹہ میں موٹرسائیکل چلانے اورموبائل سروس معطل کی تھی مگر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے موٹرسائیکل نہ چلانے کے حکم کو کالعدم قراردیا جسے ہم نے قبول کیا۔

رحمان ملک نے کہا کہ آج قانون نافذ کرنے والے اداروں پرہی حملہ نہیں ہوتا افسوس یہ ہے کہ فوج کے خلاف بھی طرح طرح کے بیانات دیئے جارہے ہیں جو صحیح نہیں، میری ان تمام افراد سے گزارش ہے جو اس طرح کے بیانات دیتے ہیں وہ اپنی فوج کا احترام کریں۔

رحمان ملک نے کہا کہ 12-2011میں پورے ملک میں موٹرسائیکلوں کے ذریعے بم دھماکے کئے گئے، ان واقعات کودیکھتے ہوئے اورانٹیلی جنس کی رپورٹ کے بعد ہی اس طرح کے فیصلے کئے جاتے ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ شہبازشریف جلسوں میں گاگا کر لوگوں کو بڑے بڑے خطابات سے نوازتے ہیں، میں نے بھی فیصلہ کیا ہے آئندہ ہفتے ان کے دیئے گئے ان خطابات کا جواب دوں گا، انہوں نے مزید کہا کہ میں گا کرتو جواب نہیں دوں گا کیونکہ میری آوازشہبازشریف کی طرح اچھی نہیں ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story