وفاقی حکومت مزدور دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے نثار کھوڑو

ہم کسی بھی صورت اسٹیل مل اور پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے، نثار کھوڑو

موجودہ صوبائی اسمبلی نے مزدوروں کے لئے قانون سازی میں بھرپور کردار ادا کیا، آغا سراج درانی۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسٹیل مل اور پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کو نجکاری میں دینے کی دھمکیاں دینا مزدور دشمن پالیسی کے مترادف ہیں۔


کراچی میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ معیشت کو چلانے والا صرف مزدور ہے لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت مزدور دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے، اسٹیل مل، پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں کی نجکاری کی دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن ہم کسی بھی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کو صنعتکاروں سے شراکت داری کا حق دیا اور مزدور کی عظمت کو اجاگر کیا جب کہ پیپلزپارٹی نے اٹھارویں ترمیم کے بعد میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی کرائی۔

اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ ہمیں پتہ ہے کہ مزدور کام کرنا چھوڑ دیں تو ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوجاتا ہے، پیپلز پارٹی نے مزدوروں کے لئے جدوجہد کے ساتھ ساتھ قربانیاں بھی دیں اور محنت کشوں کے حق کی بات ذوالفقار بھٹو کے دور حکومت سے کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی نے بھی مزدوروں کے لئے قانون سازی میں بھرپور کردار ادا کیا، یہ بھی حقیقت ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہی مزدوروں کی ترقی اور ان کے حقوق کے لئے قانون سازی ہوئی۔
Load Next Story