کراچی میں عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر سیاسی کارکنان سمیت مزید 7 افراد قتل

نامعلوم ملزمان نے ڈاکٹراسحاق کاکڑکوسہراب گوٹھ میں کلینک پرنشانہ بنایا،عزیزآباد اورنیپئر سے 2 لاشیں ملیں


ایکسپریس July 21, 2012
نامعلوم ملزمان نے ڈاکٹراسحاق کاکڑکوسہراب گوٹھ میں کلینک پرنشانہ بنایا،مقتول گڈاپ ٹائون میں پولیومہم کے انچارج بھی تھے،عزیزآباد اورنیپئر سے 2 لاشیں ملیں۔ فائل فوٹو

کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او)کے ڈاکٹراسحاق کاکڑ،پیپلزپارٹی اورسنی تحریک کے کارکنان سمیت مزید7افراد ہلاک ، 5زخمی ہوگئے،سہراب گوٹھ تھانے کی حدودسپرہائی وے الآصف اسکوائرکے قریب جونیجو ٹاؤن میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 40 سالہ ڈاکٹر اسحاق کاکڑ ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقتول جونیجو ٹاؤن کے رہائشی،ڈبلیوایچ اوسے وابستہ اورگڈاپ ٹاؤن میں پولیو مہم کے انچارج تھے،مقتول کاگھرکے قریب نثاء کے نام سے کلینک ہے ،واردات کے وقت ڈاکٹراسحاق کلینک میں مریضوں کودیکھ رہے تھے کہ موٹرسائیکل پر2 ملزمان آئے اورکلینک میں گھس کر فائرنگ کردی ،مقتول غیر شادی شدہ تھے اوران کاآبائی تعلق کوئٹہ سے تھا،اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود بنارس المکہ موبائل شاپ پرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ عارف خان ہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول موبائل شاپ کا مالک اور پیپلز پارٹیPS-96 یوسی9 سائٹ ٹاؤن کا سرگرم کارکن تھا۔

واردات کے وقت عارف خان کے موبائل شاپ سے کچھ فاصلے پر اورنگی ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او پولیس پارٹی کے ہمراہ اسنیپ چیکنگ کررہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے باعث پولیس بوکھلاہٹ کا شکار ہوکراپنی جان بچانے کے لیے زمین پر لیٹ گئی اس دوران ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے،عزیز آباد بلاک 3 میں اسکول کے عقب میں گلی سے نوجوان کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ندیم ولد عبدالرشید کے نام سے ہوئی جس کی عمر تقریباً 30 برس تھی،

مقتول نے حال ہی میں بلاک 3 میں پلاسٹک کی تھیلیوں کی دکان کھولی تھی اس سے قبل وہ لیاری دریا آباد میں کاروبار کرتا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام موٹر سائیکل پر 2 افراد آئے اور انھوں نے ندیم سے کہا کہ وہ تھانے سے آئے ہیں اور انھیں اس سے کچھ پوچھ گچھ کرنی ہے جس پر وہ ان کے ساتھ چلا گیا لیکن اس کے بعد وہ واپس نہیں آیا اور جمعے کی صبح اس کی لاش مل گئی،کورنگی کے علاقے زمان ٹائون میں سیکٹر 51/C میں ملزمان نے معمر شخص کو ہلاک کردیا ،

ڈی ایس پی کورنگی قاسم غوری نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول لیاقت علی کی عمر تقریباً 53 برس تھی اور اس کا علاقے کے جرائم پیشہ شخص شاہد سے چند روز قبل جھگڑا ہوا تھا اور وقوع کے وقت بھی وہی اسے وہاں لے گیا تھا جس کے بعد اس نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول کورنگی ساڑھے تین نمبر مکان نمبر N-859 کا رہائشی تھا،نیپئر کے علاقے محمود شاہ روڈ سے بھی نوجوان کی لاش ملی،مقتول کی شناخت گلفام ولد بوٹا مسیح کے نام سے ہوئی جس کی عمر تقریباً 20 برس تھی ، ایس ایچ او امداد خواجہ نے بتایا کہ مقتول اعظم بستی کا رہائشی اور رکشا ڈرائیور تھا، عزیز بھٹی کے علاقے شانتی نگر میں ذاتی دشمنی پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا ،

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے شانتی نگر سندھی پاڑہ جمالی ہائوس کے قریب فائرنگ کرکے جمیل موریجو کوہلاک کردیا،مقتول کی عمر30 برس تھی ، مقتول کی سیاسی وابستگی کے حوالے سے متضاد اطلاعات گردش کرتی رہیں،نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود سیکٹر11/G گودھراکیمپ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ شعیب قادری جاں بحق جبکہ اس کا دوست24 سالہ اسحاق قادری زخمی ہو گیا،سنی تحریک کے ترجمان فہیم شیخ نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول شعیب قادری اور مضروب اسحاق قادری سنی تحریک کے سرگرم کارکن ہیں۔

واردات کے وقت دونوں دوست گھر کے قریب بیٹھے تھے، ملیر سٹی کے علاقے بکرا پیڑی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ اکبر زخمی ہو گیا۔کورنگی ساڑھے3 نمبر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے38 سالہ غفران،پاپوش نگر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بھائی سلمان کے ساتھ جانے والی 25 سالہ ثنا زخمی ہوگئی، پولیس کا کہنا ہے کہ مضروب نجی بینک میں ملازمت کرتی ہے،گلستان جوہر بھٹائی آباد میںکریانہ اسٹور پر فائرنگ سے 35 سالہ محب اللہ،نارتھ ناظم آباد شپ اونرکالج کے قریب پاک بحریہ کا افسر48 سالہ چوہدری اشرف زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔