آلو چائے لٹھا دالوں آٹا گندم اور گوشت سمیت 30 اشیا مہنگی

ٹماٹر،پیاز، کیلے،زندہ مرغی،سرخ مرچ پسی اوردال چناکے نرخ کم، 16 اشیاکے برقرار


Business Desk November 17, 2012
15 نومبر کو ختم ہفتے میں مہنگائی 0.06 فیصد، سال بہ سال 5.66 فیصد بڑھی، پی بی ایس فوٹو : فائل

ٹماٹر،پیاز،کیلے اورمرغی سمیت 7اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی نے ڈھائی درجن اشیا میں مہنگائی کے اثرات کو زائل کردیا جس کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں 0.06 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جمعہ کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 15 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ایس پی آئی 187.40 کی سطح پر دیکھاگیا جو ایک ہفتے قبل 8نومبر کو187.29 اورایک سال قبل 17نومبر کو 177.36 کی سطح پر تھا، اس طرح ایس پی آئی بیسڈ انفلیشن ہفتہ وار بنیادوں پر صرف 0.06فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 5.66 فیصد بڑھا، اس دوران 30اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا جن میں آلو کی اوسط قیمت سب سے زیادہ 2.95فیصد کے اضافے سے 31.05 روپے کلو گرام ہوگئی جبکہ بیف پکی پلیٹ 2.83فیصد، چائے کی پتی2.32 فیصد، دال کی پکی پلیٹ1.81 فیصد، لانگ کلاتھ (لٹھا)1.35فیصد، جلانے کی لکڑی1.15فیصد اور اری6/9 چاول 0.96 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ جارجٹ، دال مسوردھلی، گندم، شرٹنگ، لان، سگریٹ، گندم کا آٹا، فی کپ چائے۔

دال مونگ دھلی، چینی، بریڈ، ایل پی جی، نمک، دہی، گائے کاگوشت، تازہ دودھ، دال ماش دھلی، باسمتی ٹوٹا چاول، انڈے، مٹی کا تیل، سرسوں کا تیل، بکرے کاگوشت اور گڑ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیاگیا، اس کے علاوہ 7اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جن میں ٹماٹر 7.25فیصد کمی سے 39.43روپے کلو، پیاز، 4.22فیصد کمی سے 35.67 روپے کلو، کیلے 2.78 فیصد گھٹ کر 54.65 روپے فی درجن، زندہ مرغی 1.25 فیصد کمی سے 129.74 روپے فی کلو، سرخ مرچ پسی 1.14 فیصد کمی سے 265.98 روپے فی کلو اور دال چنا 0.26روپے کی کمی سے 104.04 روپے فی کلوگرام ہوگئی، ساتھ ہی16اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں