گورننگ بورڈ کا آج اجلاس ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر بھی بات ہوگی

پی ایس ایل کو کمپنی بنانے اور چھٹی فرنچائز کی شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا


Sports Reporter May 03, 2016
ممبرکی جانب سے چیف سلیکٹر کے تقررپراعتراضات سمیت کئی اہم امور زیر بحث فوٹو: فائل

ISLAMABAD: منگل کو پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں پاکستان سپر لیگ میں چھٹی فرنچائز کی شمولیت کا فیصلہ ہوگا،ایونٹ کے معاملات کو کمپنی کے طور پر چلانے کیلیے اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا، ممبر ظفر محمود کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی تقرری سمیت اعتراضات زیر بحث آئیں گے، کھلاڑیوں کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر بھی بات ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس منگل کی صبح 11بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کی زیرسربراہی ہوگا، اس موقع پر پاکستان سپر لیگ کے اکاؤنٹس اور آئندہ ایڈیشن میں کشمیر کے مجوزہ نام سے چھٹی ٹیم کے اضافے پر بات کی جائے گی، موجودہ فرنچائزز اس فیصلے کی مخالفت کررہی ہیں،چیف سلیکٹر انضمام الحق کی تقرری کے بارے میں گورننگ بورڈ کے رکن و چیئرمین واپڈا ظفر محمود کے اعتراضات بھی زیر بحث آئیں گے،احمد شہزاد، عمر اکمل اور یونس خان کی طرف سے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پی سی بی کے نرم رویے پر سوالات بھی اٹھائے جاسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ کے اراکین کا خیال ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ممکنہ دباؤ ٹالنے کیلیے تربیتی کیمپ سے ڈراپ کیا گیا لیکن یونس خان کو کلین چٹ دیدی گئی،عین موقع پر ٹیم بدلنے والی خواتین کرکٹرز کو آسانی سے چھوڑ دینے اور اس سلسلے میں ہونے والی انکوائری رپورٹ پر بھی بات ہوگی، دیگر اہم معاملات پرگورننگ بورڈ کو اعتماد میں نہ لیے جانے پر اراکین پی سی بی حکام سے جواب طلب کرینگے جس کیلیے انھوں نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، دوسری طرف چیئرمین اور ان کی ٹیم نے بھی تسلی بخش جوابات دینے کیلیے ہوم ورک مکمل کرلیا ، یاد رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان کا کہنا تھا کہ گورننگ بورڈ کے رکن ظفر محمود کی طرف سے چیف سلیکٹر کی تقرری سمیت اعتراضات کو گورننگ بورڈ کے اجلاس میں مل بیٹھ کر دورکرلیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں