سیاسی دوست جمہوری انداز میں مقابلہ چاہتے ہیں تو الیکشن کا انتظار کریں صدر زرداری

کراچی میں بدامنی کے خاتمے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائینگے،رمضان میں عوام کو ریلیف دیا جائے


ایکسپریس July 21, 2012
کراچی میں بدامنی کے خاتمے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائینگے،رمضان میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ فوٹو/ایکسپریس

صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ٹکرائو کی نہیں بلکہ ہمیشہ مفاہمت کی پالیسی اختیار کی ہے، مفاہمتی پالیسی کے سبب آج ملک میں جمہوریت مضبوط مستحکم ہے ملتان میں ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی یہ ثابت کرتی ہے کہ عوام آج بھی پیپلز پارٹی پر بہت اعتماد کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں مل کر عوام کے مسائل کو حل کریں گی اور موجودہ اتحاد کا تسلسل آئندہ انتخابات میں بھی جاری رکھا جائے گا، کراچی میں قیام امن کے لیے سندھ حکومت کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

وہ جمعہ کو بلاول ہائوس میں پیپلز پارٹی سندھ کی کور کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کررہے تھے، ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، صوبائی وزراء سراج درانی، ایاز سومرو، مراد علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے، ملاقات میں سیاسی صورتحال، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے تعلقات، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام کی تکالیف کا احساس ہے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں، پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں ملک میں جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو مل کر ناکام بنائیں گی،

انھوں نے کہا کہ عوام کے مسائل جمہوری دور میں حل ہوتے ہیں، ہمارے سیاسی دوست اگر جمہوری انداز میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو آئندہ انتخابات کا انتظار کریں، آئندہ انتخابات میں عوام فیصلہ کرلیں گے کہ کونسی جماعت ان کے مسائل کو حل کرتی ہے اور کونسی جماعت عوام کی زیادہ خدمت کرتی ہے، صدر نے کہا کہ کراچی میں بدامنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہر سے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،

صدر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ بلدیاتی نظام سمیت دیگر ایشوز پر اتحادیوں سے مشاورت کی جائے اور تمام مسائل کو کور کمیٹی کے ذریعے حل کیا جائے، صدر نے سندھ حکومت کو یہ بھی ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، صدر نے کہا کہ ملک میں اس وقت حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جمہوری اور پارلیمانی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، آئندہ انتخابات شفاف اور منصفانہ طریقے سے منعقد کرائے جائیں گے،

دریں اثنا صدر زرداری نے جمعہ کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس میں آصفہ بھٹو الیکٹرونکس اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا سنگ بنیاد رکھا، یہ انسٹی ٹیوٹ لیاری میں تعمیر کیا جائے گا، اس انسٹی ٹیوٹ میں خواتین کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کی جائے گی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ملک میں ترقی ممکن نہیں اور حکومت کے ساتھ پرائیویٹ اداروں کو بھی شرح خواندگی بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے،

صدر نے کہا کہ حکومت ملک میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا جال بچھا رہی ہے، لیاری کے علاوہ کراچی کے دیگر علاقوں اور ملک کے مختلف شہروں میں بھی ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ قائم کیے جائیں گے، صدر نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ آصفہ بھٹو انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر جلد سے جلد کی جائے اور آئندہ چھ ماہ میں یہاں پر کلاسز شروع کی جائیں،

قبل ازیں صدر زرداری کی صدارت میں جمعہ کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس میں سندھ کے روحانی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کی توسیعی پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر اوقاف سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے، اجلاس میں صدر کو حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کی تزئین و آرائش پر بریفنگ دی گئی، صدر نے ہدایت کی کہ مزار کے توسیعی پروجیکٹ پر کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور مزار پر زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں