میرپور ٹیسٹ بنگلہ دیش غیر متوقع فتح کا خواب دیکھنے لگا

ویسٹ انڈین مجموعی سبقت 215 رنز، 4 وکٹیں باقی، پاول کی دوسری اننگز میں بھی سنچری۔


AFP/Sports Desk November 17, 2012
بنگلہ دیش کیخلاف میر پور ٹیسٹ میں سنچری کی تکمیل پر ویسٹ انڈیز کے کیرن پاول کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو : اے ایف پی

میرپور ٹیسٹ کے چوتھے دن اختتامی سیشن میں کئی وکٹیں لینے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم غیرمتوقع فتح کا خواب دیکھنے لگی، ویسٹ انڈین اوپنر کیرن پاول نے دوسری اننگز میں بھی سنچری جڑ دی جس کی بدولت ٹیم کا مجموعہ 6 وکٹ پر244 تک پہنچا۔

مجموعی سبقت 215 رنز ہو چکی، میزبان سائیڈ آخری روز بقیہ وکٹیں جلد حاصل کرکے ہدف کا تعاقب کرنے کیلیے کوشاں رہے گی، پہلی اننگز کے556رنز اسے اچھی امیدیں دلا رہے ہیں،ناصر حسین 4 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ تفصیلات کے مطابق میرپور ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا، ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز کا اختتام6 وکٹ پر 244 رنز بنا کرکیا، بنگلہ دیشی بولرز نے35 رنز کے دوران5 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کے حوصلے بڑھا دیے، کرس گیل اس بار بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور19 رنز پر چل دیے،پاول اور ڈیرن براوو نے 189 رنز کی ریکارڈ پارٹنر شپ بنائی،اس کے باوجود میزبان بولرز نے جلد 5 وکٹیں حاصل کر لیں، براوو 76 رنز بنانے کے بعد روبیل حسین کا دوسرا شکار بنے، سموئلز (1) غازی کی وکٹ ثابت ہوئے، پاول نے پہلی اننگز کی طرح اس بار بھی سنچری بنائی۔

وہ 110 رنز اسکور کرنے کے بعد شکیب کی گیند پر آئوٹ ہوئے، اسپنر نے دنیش رامدین (5) کو بھی چلتا کردیا جبکہ پرمول (10) کی بیلز غازی نے اڑائیں،اسی کے ساتھ کھیل کا اختتام ہو گیا، کپتان ڈیرن سیمی 15پر ناٹ آئوٹ رہے، مہمان ٹیم نے 6وکٹ پر 244 رنز اسکور کیے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے تاریخ میں پہلی بار500 کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے 556 رنز اسکور کیے، یوں اسے 29 رنز کی سبقت ملی،ٹیم نے اننگز کا آغاز6 وکٹ پر455 رنز سے کیا تھا، ناصر حسین اور محمود اﷲ کے درمیان ساتویں وکٹ کیلیے121 کی شراکت سنیل نارائن نے توڑی، جنھوں نے محمود (62) کو پاول کی مدد سے میدان بدر کیا، اسپنر نے غازی (4) اور شہادت حسین (13) کی بھی وکٹیں بکھیریں، اس دوران ناصر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے،96 کے اسکور پر انھیں ٹینوبیسٹ نے گیل کا کیچ بنوایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں