کراچی میں دہشت گر دی کی بڑی کارروائی کی کوشش ناکام

علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،چند روز کے دوران رینجرز کو نشانہ بنانے کی یہ تیسری کارروائی تھی

واقعے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،چند روز کے دوران رینجرز کو نشانہ بنانے کی یہ تیسری کارروائی تھی. فائل فوٹو

شہرقائدمیں دہشت گردی کی ایک اور بڑی کارروائی کی کوشش ناکام بنادی گئی،سچل کے علاقے صفوراچورنگی پر اسکول کے قریب سیمنٹ کے بلاک نما 13 کلو وزنی بم ملا، بم کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام جائے وقوع پرپہنچ گئے اور بم ڈسپوزل یونٹ کوطلب کیا جس نے بم کوناکارہ بنادیا۔

واقعے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،چند روز کے دوران رینجرز کو نشانہ بنانے کی یہ تیسری کارروائی تھی،تفصیلات کے مطابق جمعے کو صفورا چورنگی پرایک نجی اسکول کے قریب سے سیمنٹ کے بلاک نمابم ملا،مشکوک بلاک دیکھ کر اسکول کے سیکیورٹی گارڈ نے پرنسپل کو مطلع کیا جنھوں نے رینجرز کی موبائل پرمامور اہلکاروں کو مشکوک بلاک کے بارے میںبتایا جس پر رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کیا ،


بم ڈسپوزل یونٹ کے حکام نے بم کوناکارہ بنادیا،بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق بم مجموعی طور پر 13 کلو وزنی تھا جس میں تقریباً 2 کلو بال بیئرنگ بھی شامل کیے گئے تھے،بم ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے منسلک تھا جسے ریموٹ کے ذریعے دھماکے سے اڑانا تھا،انھوں نے بتایاکہ اگر بم پھٹ جاتا تو بہت زیادہ جانی ومالی نقصان ہوتا کیونکہ جائے وقوع کے اطراف گنجان آباد علاقہ ہے،

سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ بلاک سائزمیں بڑاتھااس وجہ سے وہ مشکوک لگا، اسکول پرنسپل نے بتایا اسکول میں بچوں کی تعطیلات ہیں تاہم عملہ موجود تھا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 425/12 بجرم دفعہ 3/4 ایکسپلوزو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7-ATA کے تحت سرکاری مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
Load Next Story