سبزیوں اورپھلوں کا استعمال اس کے عام امراض سے بچاسکتا ہے

پھول گوبھی ہمارے جسم کے لیے اینٹی آکسیڈنٹ اور کلوروفل کے علاوہ وٹامن ای حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔


غ۔ع May 05, 2016
پھول گوبھی ہمارے جسم کے لیے اینٹی آکسیڈنٹ اور کلوروفل کے علاوہ وٹامن ای حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ :فوٹو : فائل

KARACHI: جگر ہمارے جسم کا اہم ترین عضو ہے، جس کے بنیادی کاموں میں خون بنانا، خوراک سے غذائیت الگ کر کے اسے جسم کا جزو بننے میں مدد دینا اور نظامِ ہاضمہ کے علاوہ ہارمونز کے حوالے سے افعال شامل ہیں۔

جگر کسی عام خرابی کا شکار ہوجائے تو اس کا جسم کے دوسرے اعضا کی کارکردگی پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔ گھر یا دفتر میں بہت زیادہ کام اور بھاگ دوڑ کی وجہ سے بھی ہم تھکن اور بعض صورتوں میں جسمانی کم زوری بھی محسوس کرتے ہیں، جو آرام کرنے اور عام دواؤں کے استعمال سے دور ہوجاتی ہے، مگر کسی وجہ سے جگر اپنا کام درست طریقے سے انجام نہ دے پائے تو شدید تھکن اور نقاہت محسوس ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی متأثر ہونے لگتے ہیں۔ جگر کی بیماری یا کسی عام خرابی میں مبتلا فرد متلی، معدے میں درد، بھوک کی کمی کی شکایت کرسکتا ہے۔

اس کے علاوہ ہیضہ، خون کی کمی، جسم کے مختلف حصوں خصوصاً ٹانگوں پر ورم اور جلد پر خراشیں یا مختلف نشانات نمودار ہوسکتے ہیں۔ طبی ماہرین جگر کی صحّت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سبزیوں اور پھلوں اور مختلف دالوں کو اپنی خوراک کا حصّہ بنانے پر زور دیتے ہیں۔ طبی تحقیق بتاتی ہے کہ سبز پتوں والی تمام سبزیاں خون سے فاسد مادوںکو الگ کردیتی ہیں اور جگر کو تقویت بخشتی ہیں۔ ان میں پھول گوبھی، چقندر، لیموں، پیاز، سیب و دیگر قدرتی اجناس شامل ہیں۔ چقندر کو طبی سائنس ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ بتاتے ہیں۔ یہ سبزی خون کو صاف کرتی ہے۔

اس میں فائبر، آئرن، بیٹا سینن اور بیٹانین جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو جگر کے لیے بے حد مفید ہیں۔ چقندر میں موجود فائبر جگر میں شامل ہو جانے والے زہریلے مادے کو خون میں جذب ہونے سے روکتا ہے۔ اسی طرح ہاضمے میں مدد دینے کے ساتھ لیموں جگر کی صفائی کا کام بھی انجام دیتا ہے۔ اس سے جسم کو وٹامن سی حاصل ہوتا ہے، جو جگر کو ضروری انزائمز پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ انزائمز جسم کو توانائی بخشتے ہیں۔

پھول گوبھی ہمارے جسم کے لیے اینٹی آکسیڈنٹ اور کلوروفل کے علاوہ وٹامن ای حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس سبزی میں بڑی مقدار میں فائبر شامل ہوتا ہے جو جسم سے فاضل مادوں کی صفائی کرتا ہے۔

یہ جگر میں فضلہ خارج کرنے کے لیے ضروری انزائمز پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے۔ شکر قندی میں قدرتی طور پر پایا جانے والا بیٹا کیروٹین جسم میں جا کر وٹامن اے بناتا ہے جو جگر کے لیے بے حد مفید ہے۔ اس کے علاوہ مختلف دالیں ہمارے جسم کے اہم ترین عضو یعنی جگر کی صحت اور اس کی کارکردگی بہتر بناتی ہیں۔ دالیں جسم کو اس کی ضرورت کے مطابق پروٹین پہنچاتی ہیں۔ پیاز کا استعمال جگر اور غذا کی نالی کو صاف رکھتا ہے۔ سیب ایسا پھل ہے جس سے ہمارا کولیسٹرول لیول درست رہتا ہے اور یہ جگر کے لیے ضروری ہے۔ اس کے علاوہ سیب میں بھی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات ہوتی ہیں جو جگر کی صحت کے لیے ضروری ہیں۔

جگر کے عام مسائل کے علاوہ مہلک امراض میں ہیپاٹائٹس سی اور اس کی دوسری اقسام شامل ہیں۔ جگر کا بڑھ جانا اور کینسر جیسے خطرناک امراض کے علاوہ جسم میں خون کی کمی، زخم کی صورت میں خون کا زیادہ اخراج اور پیٹ کا شدید درد محسوس ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے جو خون اور جگر سے متعلق طبی ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد ہی مرض کی درست تشخیص کرسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے