سینیٹاے ایس ایف ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور

موٹروہیکل بل قائمہ کمیٹی کے سپرد،جے یوآئی کاواک آئوٹ،کنڈی کے والد کے لیے دعا

موٹروہیکل بل قائمہ کمیٹی کے سپرد،جے یوآئی کاواک آئوٹ،کنڈی کے والد کے لیے دعا. فوٹو: فائل

KARACHI:
سینیٹ نے ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس ترمیمی) بل 2012 کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی جبکہ چیئرمین سینٹ نے دی پراونشل موٹروہیکلز ترمیمی بل 2012 کو قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے سپرد کر دیا۔ جمعہ کو ایوان بالا کا اجلاس شروع ہوا تو ارکان کی تعداد کم ہونے پر چیئرمین نے وقفہ سوالات معطل کردیا ۔


وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے ایئر پورٹس سیکورٹی فورس ترمیمی بل قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیر غور لانے کی تحریک پیش کی جسکے بعد ایوان نے اتفاق رائے بل کی شق وار منظوری دی۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے دی پراونشل موٹروہیکلز ترمیمی بل زیر غور لانے کی تحریک پیش کی ، قائد حزب اختلاف کی تجویز پر چیئرمین سینٹ نے بل متعلقہ قائمہ کے سپرد کردیا۔ جے یوآئی(ف) کے ارکان نے کراچی کے مدرسے کے طلباکے قاتلوں کی گرفتاری پر احتجاج کیا، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ7 روز گزرنے کے باوجود قاتل گرفتار نہ ہوسکے، مدارس میں رینجر اہلکار بغیر اجازت اندر داخل ہوگئے، کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ مدارس پر دھاوا بول دیں، عبدالغفور حیدری کی بات ختم ہوتے ہی جے یوآئی کے ارکان نے ایوان سے واک آئوٹ کیا تاہم وزیرداخلہ انہیں مناکر ایوان میں واپس لے آئے۔ اجلاس میں ڈپٹی اسپیکرفیصل کریم کنڈی کے والد کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی، سینیٹر اسحق ڈار نے دعا کرائی۔
Load Next Story