ریکوڈک پر ثالثی کا فیصلہ خلاف آیا تو بلوچستان حکومت نتائج بھگتے گی سپریم کورٹ

ثالثی عدالت فیصلے سے پہلے عبوری حکم جاری کریں،رضاکاظم،ہم غیرجانبدارہیں،کوئی دبائوہے نہ آرڈردینے کی جلدی،چیف جسٹس

دیکھناہوگی ٹی سی سی ثالثی عدالت جاسکتی تھی،جسٹس گلزار،بلوچستان حکومت نے کیس کا تمام ریکارڈدیدیا،فریقین کے حوالے۔ فوٹو: فائل

بلوچستان حکومت نے ریکوڈک کیس سے متعلق عالمی ثالثی ٹربیونل میں زیر سماعت مقدمے کا تمام ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش کر دیا ہے۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل نے ریکارڈ عدالت میں پیش کیا چیف جسٹس نے دوران سماعت کہا کہ عالمی عدالت سے فیصلہ خلاف آتا ہے تو اس کی تمام تر ذمے داری بلوچستان حکومت پرعائدہوگی اور اس کے نتائج بھی بلوچستان حکومت بھگتے گی ، جمعے کو چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے سماعت کی ۔رضا کاظم ایڈووکیٹ نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہاکہ عالمی ثالثی عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اگر اس نے بلوچستان حکومت کو نئی کمپنی کولائسنس دینے سے روک دیا تو پیچیدگیاں پیدا ہو نگی اس لیے سپریم کورٹ ثالثی عدالت کے فیصلے سے پہلے عبوری حکم جاری کردے۔


جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ٹریبونل کے عبوری حکم سے کوئی نقصان نہیں ہوگاتاہم چیف جسٹس نے کہ ہم غیر جانبدار ہیں فیصلہ مخالفت میں آیا تواس کی ذمے دار حکومت بلوچستان ہوگی ہم پرکسی قسم کا کوئی دباؤہے نہ ہمیںکوئی آرڈردینے کی جلدی ہے۔جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ یہ جائزہ لینا ہوگاکہ کیا ٹی سی سی عالمی ثالثی عدالت میں جاسکتی تھی، رضا کاظم نے کہاکہ لائسنس بی ایچ پی کمپنی کو دیا گیا تھا جو اس نے آگے ٹی سی سی کو فروخت کیا اس لحاظ سے بی ایچ پی ثالثی عدالت میں جا سکتی تھی۔

ٹی سی سی نہیںکیونکہ بلوچستان حکومت نے تو ٹی سی سی کو لائسنس ہی نہیںدیا مگر حکومت بلوچستان نے وہاں اپنا کیس درست طور پر پیش ہی نہیںکیا اور لاکھوں ڈالرفیسوں پر بھی خرچ کر دیے، چیف جسٹس نے کہاکہ یہ دو ملکوںکا معاہدہ نہیں ہے پھر حکومت پاکستان نے آسٹریلوی حکومت سے معاملہ حل کرانے کی درخواست کیوںکی۔رضا کاظم نے کہاکہ یہ غلط تھا حکومت کو پہلے دن سے ہی عدالت سے رجوع کرنا چاہیے تھا ۔

ثنانیوزکے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار عدالت کو مطمئن کرے کہ سونا نکالنے اورکان کنی کا معاہدہ غیر قانونی طور پرکیا گیا ،این این آئی کے مطابق سپریم کورٹ نے ریکوڈک کیس کی دستاویزات فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اورسماعت پیرتک ملتوی کردی ۔
Load Next Story