کندھ کوٹ ریلوے ٹریک کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام 5 مبینہ دہشت گرد گرفتار

گرفتار ہونےوالے پانچوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی سے ہے ، ڈی آئی جی لاڑکانہ


ویب ڈیسک May 06, 2016
گرفتار ہونےوالے پانچوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی سے ہے ، ڈی آئی جی لاڑکانہ. فوٹو:فائل

پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران کندھ کوٹ ریلوے ٹریک کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اور بلوچستان کےسرحدی علاقے کندھ کوٹ میں پولیس اورحساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر بم نصب کرتے ہوئے کالعدم بلوچستان ری پبلکن آرمی کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو بارودی مواد سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے پانچوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی سے ہے جبکہ ان کی شناخت محمد خان گاجانی ، صادق بگٹی ، ماما بہادر بنگلانی ، عطائی ڈاکٹر دل مراد نوناری اور فتح محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 12 کلو بارودی مواد ، 3 دستی بم ، 2 ٹائم بم ، 2 پستول ، 3 کلاشنکوف، 2 ڈیٹو نیٹراوربڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں جب کہ گرفتار ملزمان نے افغانستان سے تخریب کاری کی تربیت حاصل کی ہے۔ ایس ایس پی کشمور عمر طفیل کے مطابق دہشت گردوں نے ابتدائی تفتیش میں سندھ بلوچستان سرحدی علاقوں میں ریلوے ٹریکس اور گیس پائپ لائنوں کو 18 بم دھماکوں سے اڑانے کا اعتراف کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں