ہائی بلڈ پریشرمیں ادویات سے بہتر چیری کا جوس پینا ہے ماہرین

اگر 60 ملی لیٹر تک چیری کا جوس پی لیا جائے تو 3 گھنٹے میں بلڈ پریشر 7 فیصد تک کم ہوسکتا ہے،تحقیق


ویب ڈیسک May 06, 2016
اگر 60 ملی لیٹر تک چیری کا جوس پی لیا جائے تو 3 گھنٹے میں بلڈ پریشر 7 فیصد تک کم ہوسکتا ہے،تحقیق۔ فوٹو:فائل

DAMASCUS: ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر کے شکار افراد کے لئے کئی گنا بہتر ہے کہ وہ ادویات کے بجائے چیری کا جوس استعمال کریں۔

برطانیہ کی نارتھ امبیریا یونیورسٹی نے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں پر تحقیق کی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بلند فشار خون میں ادویات لینے سے بہتر ہے کہ 60 ملی لیٹر چیری کا جوس پی لیا جائے، محققین کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کی صورت میں اگر 60 ملی لیٹرتک چیری کا جوس پی لیا جائے تو 3 گھنٹے میں بلڈ پریشر7 فیصد تک کم ہوسکتا ہے اور یہ فالج کے حملے کے خدشے کو روکنے کے لئے 38 فیصد اور دل کے امراض کو 23 فیصد تک کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

برطانوی یونیورسٹی کی یہ تحقیق امریکا کے کلینیکل نیوٹریشن جنرل میں شائع ہوئی ہے جس کے مطابق تحقیق کے دوران 15 ایسے افراد کا بلڈ پریشر جانچا گیا جنہیں ابتدائی طور پر ہائی بلڈ پریشر کا سامنا تھا تاہم ان میں سے بعض کو چیری کا 60 ملی لیٹر جوس پلایا گیا جب کہ دیگر افراد کو پلاسیبو(ایک بے ضرر مادہ جو دوائی کے طور پر دیا جاتا ہے) دیا گیا۔ تحقیق کے دوران اخذ کیا گیا کہ ایسے افراد جنہیں چیری کا جوس پلایا گیا ان کے بلڈ پریشر میں 7 فیصد تک کمی واقع ہوئی تاہم دیگر افراد میں بلڈ پریشر میں خاطرخواہ کمی نہ آسکی۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) سے دل کی دھڑکن بند ہونے کے علاوہ کڈنی کے عارضہ، فالج اور شیزوفرینیا جیسے امراض لاحق ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں